خدشہ ہے بھارت آزاد کشمیر میں کارروائی کرے گا، عمران خان
لاہور( آوازچترال نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،بدقسمتی سے نائن الیون کے بعد ہرواقعے کو اسلام سے جوڑا گیا، مغرب کو مسلمانوں کی رسول پاک ﷺ سے محبت ، عقیدت کو سمجھنا ہوگا، کسی بھی بھارتی کاروائی کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔ وزیراعظمعمران خان نے آج اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے کنونشن سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیرسے توجہ ہٹانے کیلئے دوبارہ فروری جیسا حملہ کرسکتا ہے۔کشمیر میں بھارت کا ظلم انتہاء کو پہنچ چکا۔ بھارت پر انتہا پسندانہ نظریہ قابض ہے۔ آر ایس ایس کے غنڈے گھروں میں حملے اور نوجوانوں کا اغواء کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا خبردار رہے کہ جنوبی ایشیاء میں دو جوہری قوتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑی ہیں۔ بھارت کی کسی بھی کاروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بدقسمتی سے نائن الیون کے بعد ہرواقعے کو اسلام سے جوڑا جاتا ہے۔ اسلام امن کا مذہب اور امن سے رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کو مسلمانوں کی رسول پاک ﷺ سے محبت ، عقیدت کو سمجھنا ہوگا۔آزادی اظہار کا مطلب یہ نہیں کہ مذہبی جذبات کو نشانہ بنایا جائے۔ دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن ملک ہیں۔ خطے کا امن خراب نہیں کرنا چاہیے۔ جنگ آخری آپشن ہوتا ہے۔کوئی باشعورملک یا طبقہ جنگ سے گفتگو کا آغازنہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے،دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ جنگ مسلط کی تواپنے دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے مذاکرات کا کوئی ماحول دکھائی نہیں دے رہا۔ مسئلہ کشمیرکے تین فریق ہیں۔ کشمیری قیادت اس وقت قید میں ہیں، نظربند ہیں، مذاکرات کون اورکیسے کرے گا؟ کشمیرمیں کرفیو لگا ہے، لاک ڈاؤن ہے، ایسے میں مذاکرات نہیں ہوسکتے۔