حکومت نے بھارت کیلئے فضائی حدود بند نہ کرنے کا عندیہ دے دیا
لاہور ( آوازچترال نیوز) حکومت نے بھارت کیلئے فضائی حدود بند نہ کرنے کا عندیہ دے دیا، وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا ہے کہبھارت کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے کے علاوہ بھی دیگر آپشنز پر غور کیا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر غلام سرور خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہبھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔اس معاملے پر تاحال غور کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف فضائی حدود بند دینا ہی واحد آپشن نہیں ہے۔ پاکستان کے پاس بھارت کیخلاف فضائی حدود کی بندش کے علاوہ بھی دیگر آپشنز موجود ہیں۔ دوسری جانب اس حوالے سے دفتر خارجہ کی جانب سے بھی خصوصی بیان جاری کیا گیا ہے۔ جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فضائی حدود کی بندش پر اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے پاس موجود آپشنز میں سے ایک فضائی حدود کی بندش کا معاملہ بھی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے اب تک اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن یہ فیصلہ پاکستان اپنے وقت پر لے گا۔ واضح رہے کہ رواں برس فروری کے ماہ میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی جو کئی ماہ تک بند رہی۔ تاہم کچھ ہفتے قبل فضائی حدود کو کھول دیا گیا تھا۔ اب مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان پھر سے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کرنے پر غور کر رہا ہے۔