تازہ ترین

اکتوبر کو ملک کے ہر ضلعے سے قافلے اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے جوق درجوق اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ مولانا عطاء الحق درویش

چترال (نمائندہ آوازچترال) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا عطاء الحق درویش، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امان اللہ حقانی، انفارمیشن سیکرٹری حاجی عبدالجلیل جان، ممبر صوبائی شوریٰ ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمن نے اس سیلیکٹڈ حکومت کے خلاف اکتوبر میں اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جوکہ ایک طرف مہنگائی سے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے تو دوسری طرف اس حکومت نے کشمیر کو فروخت کرنے سمیت عالمی خفیہ ایجنڈے کو عملی پہنانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔ جمعرات کے روز پارٹی کے مقامی رہنماؤں حافظ انعام میمن اور مولانا عبدالسمیع آزاد کی معیت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اکتوبر کو ملک کے ہر ضلعے سے قافلے اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے جوق درجوق اسلام آباد پہنچ جائیں گے جس کے دور میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی کے فلور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شرمناک بات ہورہی ہے جبکہ 1973ء کے آئین کا خلیہ بھی بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے اور عالمی استعماری ایجنڈ ے کے مطابق کشمیر کو بھارت کے ہاتھ فروخت کرچکا ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے حکمران کشمیر کی جنگ ٹویٹر پر لڑ رہے ہیں جبکہ بھارتی حکمران اپنی جبرواستبداد کو چھپانے کے لئے ملک ملک پہنچ رہے ہیں اور عالمی رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے بارے میں جس غفلت، سستی اور بزدلی کا مظاہر ہ ہمارے حکمران کررہے ہیں، تحفظ ناموس رسالت کے خلاف کام کرنے والی اس بے دین حکومت کا جانا لازمی ہوگئی ہے۔ جے یو آئی کے رہنماؤں نے کہاکہ وہ اسلام آباد میں تمام اسلامی ممالک کے سفیروں کو خصوصی طور پر اورغیر اسلامی ممالک کے سفیر وں کو عمومی طور پر مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستانیوں سے حقیقی جذبات سے آگاہ کرتے ہوئے احتجاج بھی نوٹ کرائیں گے۔ جے یو آئی کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر داخلہ کی طرف سے لاک ڈاؤن کے بارے میں بیان بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جے یو آئی ایک پرامن جمہوری جماعت ہے جس نے پہلے بھی کامیاب اور پرامن میلین مارچ کی ہے اور اب اسلام آباد کا لاک ڈاؤن بھی پرامن ہوگا اور یہ ہر قیمت پر ہوکے ہی رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اکتوبر میں ملک کے تمام اضلاع سے قافلے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور اس سلسلے میں وہ صوبے کے تمام اضلاع کا دورہ 29ستمبر تک مکمل کریں گے۔ جے یو آئی کے رہنماؤں نے آغا خان ہیلتھ سروس کی طرف سے چترال ٹاؤن کے اندر پرائیویٹ ہسپتال بنانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس بارے میں منتخب ایم پی اے کو اعتماد میں لیا جائے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button