کوہاٹ(آوازچترال رپورٹ)۔صوبہ خیبر پختونخواہ کے 27 اضلاع سمیت ملک کے 46 مخصوص اضلاع میں آج بروز پیر 26 اگست 2019 سے تین روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے دوران پانچ سال کی عمر تک تقریباً چھیاسی (86) لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا کے 27 مخصوص اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے چھیالیس (46) لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے۔ انسداد پولیو کے حکام کے مطابق ملک کے 46 مخصوص اضلاع میں سب سے زیادہ خیبر پختونخوا کے اضلاع کی تعداد 27 ہے جہاں اب تک تین قبائلی اضلاع باجوڑ، خیبر اور شمالی وزیرستان سمیت پورے صوبہ کے دیگر اضلاع بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، تورغر، ہنگو، چارسدہ اور شانگلہ میں اب تک پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق انسداد پولیو کے تین روزہ خصوصی مہم کے دوران صوبہ پنجاب کے چار اضلاع لاہور، سرگودھا، میانوالی اور جہلم، صوبہ سندھ کے پانچ اضلاع جیکب آباد، کشمور، دادو، جامشورو اور حیدرآباد جبکہ صوبہ بلوچستان کے سات اضلاع کوئٹہ، جعفر آباد، پشین، جھل مگسی، صحبت پور، نصیر آباد اور قلعہ عبداللہ جبکہ گلگت بلتستان میں ضلع دیامیر میں پولیو کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔ خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع پشاور، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور، بٹگرام، تورغر، کوہستان، سوات، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں 46 لاکھ سے زائد پانچ سال کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس مقصد کے لئے صوبہ میں 16ہزار800 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 13884 موبائل ٹیمیں،1222 فکسڈ، 792 ٹرانزٹ اور 902 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اب تک ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 53 تک پہنچ گئی ہے جو باعث تشویش ہے۔
Facebook Comments