چترال پولیس نے چترال شہر کے مختلف بازاروں میں نقب زنی کرکے لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء اور نقد رقم کی چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار
چترال (نمائندہ آوازچترال ) چترال پولیس نے گزشتہ دنوں چترال شہر کے مختلف بازاروں میں نقب زنی کرکے لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء اور نقد رقم کی چوری میں ملوث ملزمان کو جدید خطوط پر تفتیش کے ذریعے گرفتار کرکے ان کی نشاندہی پر مال مسروقہ برامد کرلیا ہے جن میں ایک موٹر سائیکل بھی شامل ہے۔ چترال تھانے سے موصول شدہ معلومات کے مطابق دو ملزمان کا تعلق چترال شہر کے نواحی گاؤں ٹھینگ شین سے ہے جن میں سے ایک نام فدا احمد ولد جمیل احمد ہے جبکہ دوسرا ملزم کمسن ہے جس کا نام صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے۔ پولیس ذرائع کے بتایاکہ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر وسیم ریاض کے خصوصی حکم پر سب ڈویژنل پولیس افیسر ظفر احمد کی خصوصی نگرانی میں ٹیم تشکیل دے کر بارہ مختلف دکانوں میں نقب زنی کے پراسرار واقعات میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کیا گیا۔ چترال کے عوامی حلقوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔