ماضی میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے شدید مخالف عمران خان کا ایک اور یوٹرن، اب خود بھی ایسا کیوں کیا؟
اسلام آباد ( آوازچترال نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کردی گئی‘ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی سلامتی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہےواضح رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ تین سال قبل آرمی چیف بنے تھے اور آئندہ ماہ ان کی مدت ملازمت پوری ہونے پر وہ ریٹائر ہوتے تاہم وزیراعظم نے انہیں مزید تین سال کے لئے آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے کے بعد ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان ایک پرانی ویڈیو وائرل ہے جس میں عمران خان نے اپنے انٹرویو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کی تھی انہوں نے کہا تھا کہ جنگ عظیم اول اور جنگ عظیم دوئم میں جنگ کے دوران بھی کبھی کسی آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ ادارے اپنے قوانین کے مطابق فنکشن کرتے ہیں، یعنی جب ان کے قوانین آپ توڑتے ہیں اور کسی شخص کے لیے چینج کرتے ہیں جو جنرل مشرف نے کیا جو ہر ڈکٹیٹر کرتا ہے، آپ اس ادارے کو تباہ کرتے ہیں، اگر اس ملک کو ہم نے بچانا ہے ادارے مضبوط کرنا ہیں ادارے تب مضبوط ہوتے ہیں جب وہ قانون پر چلتے ہیں،اپنے انٹرویو میں عمران خان نے کہا تھا کہ مدت ملازمت میں توسیع اس لیے نہیں ملنی چاہیے کہ آپ ادارے کو کمزور کریں گے، انہوں نے کہا تھا کہ جنرل مشرف نے کتنا کمزور کیا فوج کو۔ غرض اس انٹرویو میں عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کی تھی۔