سرکاری ملازمین کیلئے قرضہ سکیم کا اعلان
پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔صوبائی حکومت نے صوبے میں گریڈ ایک سے گریڈ 17 تک کے سرکاری ملازمین کے لئے ہاؤس بلڈنگ یا موٹر کار اور موٹر سائیکل و سائیکل ایڈوانس کااعلان کرتے ہوئے ان سے مجوزہ فارم پر درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ یہ قرضہ بلا سود دیا جائے گا ٗ بنوولنٹ فنڈ سیل کے سرکلر کے مطابق صوبائی حکومت نے رواں مالی سال 2019-20ء کے لئے اس مد میں 2 سو ملین روپے مختص کئے ہیں جن میں عام ملازمین کے لئے 130 ملین جبکہ سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کے لئے 70 ملین روپے شامل ہیں تاہم اس قرضہ سکیم کے لئے صرف صوبائی حکومت کے گریڈ ایک سے گریڈ 17 تک کے ملازمین اہل ہوں گے تاہم موٹر کار الاؤنس صرف گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین اہل ہوں گے۔ سرکلر کے مطابق بلا سود قرضہ سکیم کے لئے مختص فنڈز اکاؤنٹ جنرل خیبر پختونخوا کے صوابدید پر رکھے گئے ہیں بلا سود قرضہ سکیم کے لئے اعلان کردہ شرائط و ضوابط کے مطابق موٹر کار ایڈوانس کیلئے 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جو 3334 روپے ماہانہ اقساط کی صورت میں 60 مساوی اقساط میں واپس کئے جائیں گے ٗہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کیلئے ڈھائی لاکھ روپے دیئے جائیں گے جو 2080 روپے ماہانہ 120 مساوی اقساط میں واپس کئے جائیں گے۔ موٹر سائیکل کیلئے 80 ہزار روپے قرضہ دیا جائے گا جو 1340 روپے ماہانہ کے حساب سے 60 مساوی اقساط میں واپس کئے جا سکیں گے اسی طرح بائیسائیکل کیلئے 8 ہزار روپے بلا سود قرضہ دیا جائے گا جو کہ 2 سو روپے ماہانہ قسط کے حساب سے 40 مساوی اقساط میں واپس کیا جا سکے گا سرکلر کے مطابق موٹر کار ایڈوانس کے لئے کم از کم 5 سال سروس اور 55 سال عمر ٗ ہاؤس بلڈنگ یڈوانس کیلئے 10 سال تک سروس اور 50 سال اور 55 سال عمر کے ملازمین اہل ہوں گے جبکہ سائیکل کے لئے کوئی کرائٹیریا نہیں رکھا گیا۔