خیبرپختونخوا کے دورافتادہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیلئے ٹائم لائن کا تعین
پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان او روفاقی وزیر عمر ایوب خان کی زیر صدارت اجلاس میں خیبرپختونخوا کے دورافتادہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کیلئے ٹائم لائن کا تعین کیا گیا۔ یہ ترقیاتی سکیمیں عوام کو قدرتی گیس اور بجلی کی فراہمی، انفراسٹرکچر کے قیام اور مواصلات پر مشتمل ہیں جو صوبے کے دور افتادہ علاقوں چترال، شانگلہ، بونیر، دیر، باجوڑ، ہنگو، خیبر، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، صوابی وغیرہ میں شروع کی جارہی ہیں۔ وفاقی وزیر مراد سعید، خیبرپختونخوا کے وزراء تیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب خان، ایم این اے شیر علی ارباب، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر، پیسکو، ٹیسکو، ایس این جی پی ایل، این ایچ اے اور وزارت مواصلات کے سربراہان و اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے شرکاء کو صوبائی حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور مذکورہ سکیموں کی ٹائم لائن کے اندر اور نتیجہ خیز تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے سربراہان سے کہاکہ اگر کوئی مسئلہ یا رکاوٹ ہو تو اس کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ وقت ضائع نہ ہو اور اور سکیمیں بروقت مکمل ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے دورافتادہ علاقوں خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لوگوں نے بڑی مشکلات اُٹھائی ہیں۔ اب وقت ہے کہ زندگی کی تمام بنیادی ضروریات اور سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کی جائیں۔ محمود خان نے کہاکہ لوگوں کو بجلی، گیس، روڈ اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی بلا امتیاز فراہمی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور ان کی حکومت اس مقصد کیلئے شروع کی گئی ترقیاتی سکیموں کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔ دونوں وفاقی وزراء نے یقین دلایا کہ وہ مذکورہ بالا اضلاع میں سکیموں کے روڈ میپ وضع کرنے، حقیقت پسندانہ ٹائم لائن کے تعین اور سکیموں کی بروقت تکمیل میں وفاقی اور صوبائی دونوں سطح پر حکام کے ساتھ بھر پور تعاون یقینی بنائیں گے۔