ہم بھی بطور اقلیت ہندوستان میں ہوتے ، تو گائے ذبح کرنے پر ہم بھی ہندووں کے تشدد کا نشانہ بنتے ۔ اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ
چترال ( نمائندہ آوازچترال ) چترال کے کالاش قبیلے نے بھی ملک کے دوسرے حصوں کی طرح یوم آزادی نہایت جوش و جذبہ اور احترام سے منایا، اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ اس سلسلے میں ایک پُر وقار تقریب اشپاتا نیوز کے زیر اہتمام بمبوریت کے مقام انیژ میں منعقد ہوا ۔ جس میں اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ بڑی تعداد میں مسلم اور کالاش عمائدین ، ناظمین اور کونسلرز ،مردو خواتین ، سکول و کالج کے بچوں نے اس تقرب میں شرکت کی ۔ اشپاتا نیوز کے چیف ایگز یکٹیو نے مہمانوں کو خوش آ مدید کہا ۔ اور تقریب کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا ۔ کہ آزادی کی یہ ٍپُر وقار تقریب اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ دُشمن ملک بھارت پریہ واضح کرنا ہے ۔ کہ پاکستان کی اقلیتیں بھی اپنے ملک کی بقا اور سالمیت کے لئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیارہیں ۔ اس موقع پر ایم پی اے وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے ۔ کہ ہم آزاد فضاءوں میں سانس لے رہے ہیں ۔ لیکن کشمیر میں ہمارے بہن بھائی گھروں کے اندر محصور ہیں ۔ اُن کی جانیں خطرے میں ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کشمیر کیلئے آج جتنی قربانیوں کی ضرورت ہے ۔ شاید پہلے کبھی ایسا نہیں تھا ۔ انہوں نے بھارت کو للکاتے ہوئے کہا ۔ کہ ہ میں اپنے کشمیری بھائیوں کی حفاظت کرنے کا طریقہ خوب آتا ہے ۔ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ انڈیا اقلیتوں پر جو ظلم ڈھا رہا ہے ۔ اُس کی مثال پوری دُنیا میں نہیں ملتی ۔ اگر ہم بھی بطور اقلیت ہندوستان میں ہوتے ، تو گائے ذبح کرنے پر ہم بھی ہندووں کے تشدد کا نشانہ بنتے ۔ ہ میں اپنے پاکستانی ہونے اور اقلیت ہونے پر فخر ہے ۔ کیونکہ ہمارا ملک اور ہمارے علاقے کی مسلم برادری ہماری عزت و آبرو کی حفاظت کرتی ہے ۔ انہوں نے ملکی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ۔ کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا ۔ بد قسمتی سے وہ بہتر سالوں میں بھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ۔ کیونکہ سیاستدانوں نے اپنے مفاد کی خاطر ملک کے حصے بخرے کئے ۔ اور لوٹ مار وکرپشن کا بازر گرم کیا ۔ آج عمران خان کی قیادت میں ملک اپنے حقیقی منزل کی طرف رواں دواں ہے ۔ عمران خان ہی کرپشن سے پاک ، کلین اینڈ گرین و مستحکم پاکستان بنائیں گے ۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ۔ کہ بھارتی وزیر اعظم کے تخریب کارانہ ذہنیت نے ہندوستان کو ایک دہشت گرد ملک بنا دیا ہے ۔ جو کسی زمانے میں سیکو لر سٹیٹ ہونے پر ناز کرتا تھا ۔ اس لئے وہ وقت دور نہیں جب ہندوستان کے اندر کا لاوا پھٹ کر روس کی طرح پاش پاش ہو جائے گا ۔ اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی نے کہا ۔ کہ کالاش وادیوں کی خوبصورتی یہاں کے مسلم اور کالاش برادری کے مابین اخوت اور بھائی چارے کی فضا ہے ۔ یہی باہمی احترام اس علاقے کو دوسروں سے ممتاز بناتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش کمیونٹی کلین اینڈ گرین پاکستان کے سپاہی بن کر مہمان نوازی کو اپنا شعار بنائیں ۔ یہ بہت بڑی خدمت ہو گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان ایشیاء کا واحد ملک ہے جہاں اکثریت اور اقلیت کے حقوق برابر ہیں ۔ اور اُنہیں کسی بھی قسم کا خوف نہیں ہے ۔ اور وہ آزادانہ ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں ۔ وزیر زادہ نے یوم آزادی اور کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے حوالے سے ایک بہترین تقریب منعقد کرنے پر کالاش پیپلز ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور اشپاتا نیوز کے ہیڈ لوک رحمت کی تعریف کی ۔ اور کہا ۔ کہ اس قسم کی تقریبات سے نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کی قربانیوں اور تاریخ کے بارے آگہی ملنے کے ساتھ ساتھ بچوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اس موقع پر یوم پاکستان کے حوالے سے تقریری اور کوئز مقابلے ہوئے ۔ جبکہ بچے بچیوں نے ملی نغمے اور خاکے پیش کئے ۔ تقریب سے اُستاد زاہد عالم نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ تقریب کے انعقاد میں چیرمین کالاشہ دور بختوار شاہ اور اُن کے زیر تربیت طلباء وطالبات نے اہم کردار ادا کیا ۔ تقریب کے اختتام پر ایم پی اے وزیر زادہ و دیگر مہمانوں نے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے ۔