10

رواں سال 26ہزار اساتذہ سسٹم میں شامل

پشاور۔ (آوازچترال رپورٹ) مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ پرائمری تعلیم کی بہتری اور ہر سکول میں چاراساتذہ یقینی بنانے کیلئے بہت جلد مزید 12 ہزار آسامیاں مشتہر کی جائیگی اور اپریل سے شروع ہونے والے تعلیمی سال تک تقریباً 26ہزار نئے اساتذہ سسٹم میں شامل ہوجائیں گے جبکہ سکولوں میں کلاس رومز کی کمی کوپورا کرنے کیلئے مزید 10 ہزار نئے کلاس رومز بھی تعمیرکئے جائیں گے جس سے نئے داخل ہونے والے طلباء بشمول پہلے سے موجود طلباء کو سہولیات میسرہوں گی۔ وہ محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان، ڈائریکٹرایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ایم ڈی (ای ایس ای ایف) معتصم باللہ اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ہم نے اپنے لئے ترجیحات مقررکئے ہیں۔ جس میں پرائمری تعلیم کی بہتری، ہائی اور ہائرسیکنڈری سکول میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا اور بنیادی سہولیات بشمول سکول میں اضافی کلاس رومز کی تعمیرشامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اضافی کلاس رومز کی تعمیر سے فی کلاس طلباء کی تعداد کم ہوجائیگی جس سے اساتذہ کو پڑھانے اورطلباء کو پڑھنے میں آسانی ہوگی جبکہ نئے داخل ہونیوالے طلباء کو بھی سیٹس دستیاب ہوں گی۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ پرائمری لیول پرسکولوں یں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اورتعلیم وتربیت میں جدت لانے کی غرض سے تین ہزار سکول لیڈرز بھی بہت جلد تعینات کئے جائیں گے جن کی بھرتی کا عمل اپریل سے شروع ہونیوالے تعلیمی سیشن تک مکمل ہوجائے گا۔