اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے وہ چترال کے جملہ مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ ڈپٹی کمشنرلویر چترال
چترال ( نمائندہ آوازچترال) ڈپٹی کمشنرلویر چترال تنویر احمد نے کہا ہے کہ اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے وہ چترال کے جملہ مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے اور مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی اس سلسلے کی کڑی ہے جہاں وہ گراس روٹ لیول پر عوامی مسائل سے باخبر ہوتے ہیں۔ اپنے دفتر میں چترال پریس کلب کے ایک وفد سے تعارفی ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہاکہ جشن شندور کے فوراً بعد چترال میں ان کی پوسٹنگ سے پہلے ہی گولین ویلی سیلاب برد ہوا تھا جس کے نتیجے میں بجلی گھر اور واٹر سپلائی اسکیموں اور کئی دیہات کے لئے سائفن ایریگیش اسکیموں کو بھی نقصان لاحق ہوا تھا جبکہ موری پائین کا واقعہ بھی اس میں شامل ہے جس میں تین افراد پائپ لائن بحال کرتے ہوئے لقمہ اجل بن گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ گولین میں صوبائی حکومت سے متعلقہ انفراسٹرکچر وں کی نقصان کا حجم 32کروڑ روپے لگاکر حکام بالا کو رپورٹ بھیج دی گئی ہے جس کی منظور ی کسی بھی وقت متوقع ہے۔انہوں نے کہاکہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور چترال جیسے علاقے میں صحافتی برادری سے ذمہ دارانہ روئیے کی امید ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ موری پائین کے حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے ورثاء کو معاوضے کا چیک وقوعہ کے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندردے دئیے گئے۔ اس موقع پر چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین نے انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔