12

بلوچستان عوامی پارٹی الیکشن میں حصہ لیے بغیر ہی صوبائی اسمبلی کا حصہ بن گئی

پشاور( آوازچترال نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) انتخابات میں حصہ لیے بغیر قبائلی اضلاع سے کامیاب 3 آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کا حصہ بن گئی۔تفصیلات کے مطابق بی اے پی صوبائی اسمبلی میں 8ویں سیاسی جماعت بن گئی قبائلی اضلاع سے کامیاب ہونے والے تین آزاد ارکان بلاول آفریدی، شفیق آفریدی اور عباس الرحمان نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد حکومتی اتحادی پارٹی بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ذرائع کہتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہونے والے آزاد ارکان گروپ کی صورت میں پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے تھے جب کہ کابینہ میں نمائندگی کے بھی خواہشمند تھے لیکن حکومت گروپ کی شکل میں شمولیت نہیں چاہتی تھی، مذاکرات کی ناکامی پر تینوں آزاد ارکان نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا، آزاد ارکان کی شمولیت سے بلوچستان عوامی پارٹی انتخابات میں حصہ لیے بغیر خیبرپختونخوا اسمبلی کا حصہ بن گئی ہے۔3 آزاد ارکان کی شمولیت سے بلوچستان عوامی پارٹی کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کی ایک نشست بھی ملنے کا امکان ہے لیکن مخصوص نشستوں کی فہرست میں خاتون امیدوار کا نام نہیں بلوچستان عوامی پارٹی کو خاتون امیدوار کا نام بھی جمع کرانا ہوگا۔