سینیٹ الیکشن میں سیاست اور جمہوریت کا جنازہ نکل گیاہے۔ حکومت نے جعلی الیکشن میں اکثریت حاصل کی مگر لوگوں کی نظر سے گر گئی۔ سینیٹر سراج الحق
لاہور(آوازچترال نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ووٹ اور ضمیر بیچنے والے ووٹ کو عزت نہیں دے سکتے۔ حاصل بزنجو کو کھڑا کرنے اور ہرانے والوں نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ حکومت خوش ہے کہ وہ جیت گئی مگر بچہ بچہ جانتاہے کہ اس سے بڑی شکست اور ہزیمت اور کوئی نہیں ہوسکتی۔ سینیٹ الیکشن میں سیاست اور جمہوریت کا جنازہ نکل گیاہے۔ چھانگا مانگا کی سیاست کا آغاز کرنے والے آج خود اس کا شکار ہوگئے ہیں۔ حکومت نے جعلی الیکشن میں اکثریت حاصل کی مگر لوگوں کی نظر سے گر گئی۔ ٹرمپ کے ہاتھ ملانے پر حکمران پھولے نہیں سمارہے۔ قوم فروش حکمران دنیا کے سامنے سراٹھا کر کھڑے نہیں ہوتے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو لانے کے بار بار اعلان کرنے والوں نے ٹرمپ سے ملاقات میں قوم کی بیٹی کی رہائی کا ایک بار بھی ذکر نہیں کیا۔ مسائل کا حل حکومت اور اپوزیشن کے پاس نہیں۔ عوام کے اندر جماعت اسلامی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔جماعت اسلامی متبادل قوت ہے۔ ملک کا مستقبل اسلامی نظام سے وابستہ ہے اور انقلاب ملک کے دروازے پر دستک دے رہاہے۔ جماعت اسلامی قوم کے لیے ایک متبادل معاشی نظام اور ترقی و خوشحالی کا ایجنڈا رکھتی ہے۔ہم ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے قرضوں کی ہتھکڑیوں کے بغیر قوم کو عزت اور غیرت کے ساتھ زندہ رہنا سکھائیں گے۔ 6/ اگست کو اسلام آباد میں تاجر قیادت کو جمع کر کے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ 25/ اگست کو پشاور میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی مارچ کریں گے جو آئندہ کی سیاست کا رخ متعین کرے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں کے چہروں سے میک اپ اتر گیاہے۔ حکومت کو لانے والے اور ان پر سرمایہ کاری کرنے والے بھی سوال کرنے لگے ہیں کہ حکومت کب جائے گی۔ زندگی کے کسی طبقہ سے تعلق رکھنے والا حکمرانوں کے لیے کلمہ خیر کہنے کو تیار نہیں۔ جہاں تاجر، کارخانہ دار اور زمیندار رو رہے ہوں،وہاں مزدوروں اور کسانوں کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکمران ٹولہ ایک ہی طبقہ سے تعلق رکھتاہے یہ سرمائے کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوتا اور عوام کا استحصال کرتاہے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی سیاست میں حصہ لینے اور اسمبلی کا ممبر بننے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں جس طرح کی کامیابی حکومت نے حاصل کی ہے، کوئی جمہوریت پسند اس کو کامیابی نہیں کہہ سکتا۔ حکومت اور اپوزیشن نے بلوچ بھائیوں کو آپس میں لڑا کر اچھا کھیل نہیں کھیلا۔ لوگ اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ اپنے سینیٹر ز کے ساتھ کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہارس ٹریڈنگ بڑا مسئلہ ہے، سب جانتے ہیں کہ حکومت نے سینیٹرز کو خریدلیاہے۔ حکومت اور اپوزیشن خرید و فروخت کے اس گھناؤنے کھیل سے توبہ کریں اور مستقبل میں ہارس ٹریڈنگ کی بیخ کنی کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں۔