عیدالاضحی کے موقع پر چترال شہرکڑوپ رشت کے مقام پرجانوروں کے منڈی قائم کیا جائے گا۔ قادر ناصر
چترال (نمائندہ آوازچترال ) تحصیل میونسپل افیسر چترال قادر ناصر کے زیرصدارت اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر چترال شہراور مضافات میں صفائی کا خصوصی انتظام کرنے اور غلاظتوں کو ٹھکانے لگانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ اس موقع پر شہر میں صفائی کا کوئی بحران پیدا نہ ہو۔ اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ قربانی کے لئے فروخت کئے جانے والے جانوروں کے لئے ایک ہی مقام پر منڈی بنائی جائے تاکہ شہر میں جگہ جگہ گندگی نہ پھیل جائے اور اس مقصد کے لئے کڑوپ رشت کے مقام پر منڈی قائم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ٹی ایم او نے صفائی سے متعلق اسٹاف پر زور دیا کہ وہ عید کے دنوں میں اپنی کارکردگی کو بہتر اور باقاعدہ بنالیں تاکہ شہر کی صفائی برقرار رہے جبکہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناء تجاریونین چترال کے صدر شبیر احمد خان نے کہا ہے اس ماہ کے اواخر تک ویلج کونسلوں کے خاتمے کے بعد صفائی کے نظام میں خلل پیدا ہونے سے روکنے کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مختلف ویلج کونسلز اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کا انتظام سنھبالے ہوئے ہیں جبکہ ان کی مدت ختم ہونے پر ایک خلا پیدا ہوگااور صفائی کا نظام متاثر ہوگا۔