ڈرائیور یونین کے صدر صابر احمد صابر کے خلاف قرارداد کے بعد اُنہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے.فضل الرحمن کو تین مہینے کیلئے عبوری صدر
چترال ( آوازچترال نیوز) الیکشن کمشنر تریچ میر ڈرائیور یو نین چترال غلام محی الدین نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے۔ کہ تریچمیر ڈرائیور یونین کے صدر صابر احمد صابر کے خلاف بڑی تعداد میں ڈرائیور برادری کی طرف سے بد اعتمادی اور اُن کے خلاف قرارداد کے بعد اُنہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اور اُ ن کی جگہ فضل الرحمن کو تین مہینے کیلئے عبوری صدر منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر عہدہ داروں میں زاہد خالق بروز نائب صدر، فاروق علیشاہ دروش جنرل سیکرٹری، ممتاز علی جان صدر تحصیل دروش شامل ہیں۔ اس موقع پر نو منتخب کابینہ کے بعض عہدہ دار بھی موجود تھے۔ نو منتخب صدر فضل الر حمن نے ایک سوال کے جواب میں سابق صدر پر عدم اعتماد کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا۔ کہ پوری ڈرائیور برادری اُن کے نامناسب رویے، یونین کے اندر اختلاف اور بد مزگی پیدا کرنے اور یونین کے مالی حسابات میں کرپشن کی وجہ سے نالان تھے۔ اور اسی بنیاد پر اُن کے خلاف سید آباد میں ڈرائیور یونین کا اجلاس ہوا۔ جس میں 320ڈرائیوروں نے اُن کو عہدے سے نکالنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ جبکہ اس سے قبل دروش کی ڈرائیور برادری نے اُن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ جس کا ریکارڈ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال کے آفس میں محفوظ ہے۔ نومنتخب عبوری صدر نے اس امر کا اظہار کیا۔ کہ وہ عوام اور ڈرائیور برادری دونوں کو سہولت دینے کی کوشش کریں گے۔ جبکہ ٹی ایم اے کی طرف سے موجودہ اڈے میں عوام خصوصا ًخواتین کیلئے کوئی مناسب انتظام موجود نہیں ہے۔ جس سے قوم کی مائیں، بہنیں بیٹیاں مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے چترالی مسافروں کو لوٹنے والے ڈاکووں کو بے نقاب کرنے اور ان کی فوری گرفتاری پر اپر دیر پولیس کا شکریہ ادا کیااورسیشن جج دیر سے مطالبہ کیاکہ بر آمد شدہ سامان متعلقہ افراد کو ریلیز کر کے ممنوں فرمائیں.