ہم ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کرانے اور مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق | Awaz-e-Chitral

Breaking News

Home / تازہ ترین / ہم ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کرانے اور مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق

ہم ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کرانے اور مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق

لاہور(آوازچترال نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہم مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ہر بڑے شہر میں عوامی مارچ کریں گے۔ 23 جون کو فیصل آباد میں عوامی مارچ ہوگا۔ ہم ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کرانے اور مہنگائی و بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔وزیراعظم سابقہ حکومتوں کے دس سال کے قرضوں کا ضرورحساب کتاب کریں مگر انہوں نے دس ماہ میں جو قرضے لیے ہیں، اس کا بھی حساب ہوناچاہیے۔ اسلام آباد کے قبرستان میں موجود بے ضمیر مردوں کا بھی احتساب ضروری ہے۔ منتخب رکن اسمبلی اسد عمر کو وزارت خزانہ سے ہٹا کر آئی ایم ایف کے نمائندے کو مسلط کردیا گیاہے اور خزانے کی چابیاں بھی آئی ایم ایف کے ایجنٹ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ سارا بجٹ سودی نظام پر مبنی ہے۔ 2828 ارب روپے سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔ سود پاکستان کو کھا رہاہے اور اس کا مقصد ہی سودی قرضوں میں جکڑکر ہماری آزادی کو سلب کرنا ہے۔ وزیر سائنس غربت اور بھوک سے پریشان لوگوں کو فلمیں دکھانے کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ گیارہ سو سینما گھر تعمیر کریں گے۔ ایسے لگتاہے کہ حکمرانوں کے ہاں شرم نام کی کوئی چیز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مال روڈ لاہور پر مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام بڑے عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، عبدالغفار عزیز، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ عوامی مارچ سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے منتخب ہونے کے بعد قوم سے وعدہ کیا تھاکہ وہ کبھی جھوٹ نہیں بولیں گے لیکن اب وہ ہر بات پر یوٹرن لینا ضروری سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے خود کشی کو بہتر قرار دیا تھا مگر اب انہوں نے ملک کا معاشی نظام اور قومی خزانہ آئی ایم ایف کے حوالے کر دیاہے۔ وزیراعظم نے مدینہ کی اسلامی ریاست کی بات کی تھی اب نہ صرف اس عظیم اسلامی ریاست بلکہ صحابہ کرام ؓ کی اہانت سے بھی نعوذباللہ نہیں چوکتے۔ حکومت نے حج و عمرہ مہنگا کر کے بیت اللہ اور مسجد نبویؐ کی زیارت کو مشکل بنادیا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ حکومت کرنا کون سا مشکل ہے، اگر انہیں عوام کی پریشانیوں غربت اور بھوک پیاس کا پتہ ہوتا تو ان کے لیے حکومت کرنا اتنا آسان نہ ہوتا۔ حکومت نے بجٹ میں اتنی مہنگائی کی ہے کہ عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ چینی کی قیمت چار روپے کلو تک بڑھا دی گئی ہے حالانکہ گنا اور چینی تو باہر سے نہیں آتی۔ اسی طرح سیمنٹ مہنگا کیا گیا ہے اور دوائیوں کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ کر دیاگیاہے۔ اب غریب روٹی کھائے یا علاج کرائے۔ انہوں نے کہاکہ آٹا، گھی اور دالیں اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ عام آدمی کے لیے سانس لینا مشکل ہوگیاہے۔ ایک طرف عوام غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں فاقوں پر مجبور ہیں اور دوسری طرف صدر صاحب کے گھر میں طوطوں کے پنجر ے کے لیے لاکھوں روپے کے ٹینڈر دیے جارہے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی حکومت کی بے حسی اور عوام کی بے بسی پر اب خاموش نہیں رہے گی، ہم اس ظلم و جبر کے خلاف قوم کو منظم کریں گے اور بھر پور تحریک چلائیں گے۔ ہمارے احتجاج کا مقصد عوامی کی ترجمانی ہے، ہم ملک و قوم کو مہنگائی اور آئی ایم ایف سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ ہم کسی ایسے احتجاج میں نہیں جائیں گے جس کا مقصد لوگوں کو جیلوں سے چھڑاناہے۔
عوامی مارچ میں زندہ دلان لاہور نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی

error: Content is protected !!