فواد چوہدری تحریک انصاف کو خیرباد کہنے پر غور کر رہے ہیں؟ | Awaz-e-Chitral

Breaking News

Home / تازہ ترین / فواد چوہدری تحریک انصاف کو خیرباد کہنے پر غور کر رہے ہیں؟

فواد چوہدری تحریک انصاف کو خیرباد کہنے پر غور کر رہے ہیں؟

لاہور ( آوازچترال رپورٹ) فواد چوہدری تحریک انصاف کو خیرباد کہنے پر غور کر رہے ہیں؟ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے بیان نے حکمراں جماعت کی صفوں میں ہلچل مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ گردش کر رہا ہے جس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو خاصی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کی میزبان کی جانب سے وفاقی وزیر فواد چوہدری سے سوال کیا گیا کہ کیا اب وہ تحریک انصاف کا ہی مستقل حصہ رہیں گے؟ اس سوال کے جواب پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ کس جماعت کا حصہ ہوں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اگر مستقبل میں تحریک انصاف کی جماعت ہی ختم ہو جائے تو پھر وہ کیسے اس کا حصہ رہ سکیں گے؟ فواد چوہدری کے اس بیان پرتحریک انصاف کے کارکنوں نے خاصی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر متحرک تحریک انصاف کے کارکنوں نے وفاقی وزیر سے اپنے بیان کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ہفتے کے روز فواد چوہدری کا ایک اور بیان سامنے آیا جس نے تحریک انصاف میں خاصی ہلچل مچائی۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شکوہ کیا ہے کہ اہم فیصلے ہو جاتے ہیں لیکن پتہ ہی نہیں چلتا۔فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کی سابقہ وزارت میں غیر منتخب افراد نے مداخلت کی، ایک وقت میں 5 لوگ کام کریں تو وہی ہو گاجو ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلے منتخب لوگوں کو کرنے چاہئیں ناکہ غیر منتخب افراد کو، وزارتیں غیر منتخب لوگوں کی وجہ سے تبدیل ہوئیں۔انہوںنے کہاکہ غیر منتخب افراد پر کافی اعتراضات ہیں، کیا پارٹی ان لوگوں کے حوالے کر دیں جو کونسلر بھی نہیں رہے۔فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ ہمارے فیصلوں میں بڑی سیاسی کمزوریاں ہیں، فیصلہ سازی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے شکوہ کیا کہ اہم فیصلے ہوجاتے ہیں پتہ ہی نہیں چلتا، ہمارے درمیان منتخب اور غیر منتخب افراد کی سرد جنگ جاری ہے۔وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجینے کہا میں نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین نہ بنائیں لیکن انہیں بنا دیا گیا، میں نے کہا شہباز شریف کو باہر نہیں جانے دینا چاہیے ہم پر الزام آئے گا لیکن کسی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر نہیں ڈالا اور وہ باہر چلے گئے، ان ساری چیزوں کا ہم پر اثر ہوتا ہے۔سابق وزیر نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر اگر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی گئی تو آپ کی سیاست بالکل ٹھپ ہوجائے گی۔سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت سول ملٹری تعلقات بہترین ہیں۔

error: Content is protected !!