مہنگائی کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے ۔ معاشی دہشتگردی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیاہے ۔ سینیٹر سرا ج الحق | Awaz-e-Chitral

Breaking News

Home / تازہ ترین / مہنگائی کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے ۔ معاشی دہشتگردی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیاہے ۔ سینیٹر سرا ج الحق

مہنگائی کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے ۔ معاشی دہشتگردی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیاہے ۔ سینیٹر سرا ج الحق

لاہور(آوازچترال نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی کے خلاف بھی کوئی آپریشن ضرب عضب ہونا چاہیے ۔ معاشی دہشتگردی نے ہر پاکستانی کو متاثر کیاہے ۔ حکمرانوں نے ملک کو بھوک وخوف کی دلدل میں دھکیل دیاہے ۔ وزیرخزانہ کے نت نئے اعلانات خوف و ہراس میں مزید اضافہ کر رہے ہیں ۔آٹھ ماہ سے حکومت نے غیر سنجیدہ رویہ اپنا رکھاہے ۔ حکومت اعلانات پہلے کر دیتی ہے اور سوچتی بعدمیں ہے ۔ حکومت کے آٹھ ماہ کے دور حکومت میں پنجاب میں تین آئی جیز کے تبادلوں کا نیا ریکارڈ ہے ۔ بادشاہت کی بجائے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کی جائے ۔ کوئٹہ اور پشاور میں دہشتگردی کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشتگردی کا سرابھی پور ی طرح کچلا نہیں جاسکا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں پختون جرگہ لاہور کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد کی قیادت ارشد خان بونیری نے کی ۔ وفد نے سراج الحق کو جماعت اسلامی کے دوبارہ امیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پنجاب میں انتخابی افسروں کے تبادلوں کی ژالہ باری سے عوام رل گئے ہیں ۔ عوام اپنے مسائل کا حل جبکہ حکمران افسروں سے اپنی تابعداری کروانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سابقہ حکمرانوں کی نااہلی اور افسروں کی خود سری کے بہانوں کے پیچھے چھپ نہیں سکتی ۔ حکمران طبقہ اپنی بادشاہت قائم کرنے کے لیے سرکاری افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ میں لگا رہتا ہے اور عوامی مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے بڑھتے گھمبیر صورت اختیار کر لیتے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جس طرح دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے آپریشن ضرب عضب کیا گیا اسی طرح مہنگائی کے خلاف بھی آپریشن کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دے اور رمضان سے قبل مہنگائی میں کمی کر کے اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں دسمبر 2018 ء کی سطح پر لائے تاکہ غریب بھی رمضان کی برکتوں کو سمیٹ سکیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حالیہ بارشیں اللہ کے غضب کی نشانی ہیں ۔ ملک بھر میں جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں ۔ کسانوں کی تیار فصل تباہ ہو گئی ہے ۔ اللہ کے قہر سے بچنے کے لیے اجتماعی توبہ و دعا کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو بھی سونامی کا ورد چھوڑ کر اللہ سے استغفار، کسانوں کی مدد اور ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے ، نیز کسانوں کو بھی اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کرنا چاہیے۔

error: Content is protected !!