تازہ ترین

سوئس سیاحوں کی کیلاش کی سیر

پشاور۔(آوازچترال رپورٹ)صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے سیاحتی مقامات کی دنیا بھر میں رونمائی ہونے سے غیر ملکی سیاحوں کی صوبے میںآمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔گزشتہ روز سوئس سیاح جوڑی نے چترال کی حسین وادی کیلاش کا دورہ کیا ، جہاں ٹورازم انفارمیشن سنٹر چترال کے انچارج زرین خان نے سیاحوں کو کیلاش کی وادی بمبوریت اور رمبورمیں سیر کرائی اور وادی کے بارے میں معلومات فراہم کیں ، اس موقع پر کیلاش قبیلے کے رہائشی کی جانب سے سیاحوں کو خوش آمدید کہا گیا ، انچارج ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر چترال زرین خان نے دونوں سوئس سیاحوں کو کیلاش وادی میں موجود میوزیم ، وہاں کی ثقافت ، تاریخ اور اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی ، دونوں سیاح آج چترال میوزیم ، شاہی قلعہ ، چترالی بازار اور وہاں کی ثقافت کے بارے میں جاننے کیلئے چترال کا رخ کرینگے ، سیاحوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چترال اور کیلاش کی ثقافت تاریخی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک الگ اہمیت کی حامل ہے ۔پاکستان کے لوگ کافی مہمان نواز ہیں جبکہ پاکستان سیاحوں کیلئے بہترین مقام ہونے کے علاوہ خوبصورت سیاحتی مقامات کی دولت سے مالا مال ہے ، سیاحوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاحتی مقامات کی رونمائی سے دنیا بھر کے سیاح چترال سمیت پاکستان کا رخ کرینگے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button