60

سی پیک سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ، اسد قیصر

اسلام آباد۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ چین ۔ پاک اقتصادی راہداری گیم چینجر منصوبہ ہے ،سی پیک سے خطے میں ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ، قازقستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کو اس منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہیے ،پاکستان اورقازقستا ن کے مابین خوشگوار دوستانہ تعلقات موجود ہیں، جو مذہب، اخوت ، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں ، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان قازقستا ن کے ساتھ اپنے تعلقات کو پارلیمانی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے ذریعے وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستا ن کے سفیر بارلبے سیدکوف (Mr. Barlybay Sadykov )سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔اسپیکر نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت ، دفاع، سیاحت ،زراعت اور دیگر شعبوں مین تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں اقوام کے بہترین مفادات کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے وافر مواقعوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ملک میں سر مایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کروا رہی ہے جن سے قازقستان کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔اسد قیصر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سفیر کو بتایا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاک۔قازقستان فرینڈشپ گروپ تشکیل دیا گیا ہے اور قازقستان کی پارلیمان میں بھی اسی نویت کا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ تشکیل دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے چین ۔ پاک اقتصادی راہداری (سی پیک)کو ایک گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے خطے میں ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ۔ انہوں نے قازقستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کو اس منصوبے سے مستفید ہونے کے لیے کہا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قازقستا ن کے سفیرنے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اورقازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ دتعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سماجی و اقتصادی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش مند ہے ۔ انہوں نے خطے میں ترقی و خوشحالی کے فروغ اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کی سپیکر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ سفیر نے اسپیکر اسد قیصر کو یورو ایشیا اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ پیش کیا جس پر سپیکر نے کانفرنس میں شرکت کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

Facebook Comments