خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی | Awaz-e-Chitral

Home / تازہ ترین / خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد ۔  (آوازچترال رپورٹ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تین صوبوں سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں (آج)پیر کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ،بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، بولان اور سبی میں بادل خوب برسے، موسلادھار بارش سے بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بارش کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا، کئی شہروں میں بارش، بولان اور سبی میں صبح سویرے میں بادل خوب برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کوئٹہ، مکران اور قلات میں بھی تیز بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، کراچی ڈویڑن، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش متوقع ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ (آج)پیر کو اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اکثر مقامات پر بادل برسیں گے، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی سات ریکارڈ کیا گیا، استور میں منفی 06، ہنزہ منفی 03، مالم جبہ منفی 02 اور سکردو میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 10، فیصل آباد، ملتان 11، پشاور 7، کوئٹہ 2 اور کراچی میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلے سے پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردی ہے جب کہ مسافروں کو آج اور کل غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

error: Content is protected !!