ایک آدمی نے اقتدار کے لیے نفرتیں پھیلائیں اور ووٹ لیے، اگر نفرتوں کی سیاست کراچی میں نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کررہا ہوتا.عمران خان | Awaz-e-Chitral

Breaking News

Home / تازہ ترین / ایک آدمی نے اقتدار کے لیے نفرتیں پھیلائیں اور ووٹ لیے، اگر نفرتوں کی سیاست کراچی میں نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کررہا ہوتا.عمران خان

ایک آدمی نے اقتدار کے لیے نفرتیں پھیلائیں اور ووٹ لیے، اگر نفرتوں کی سیاست کراچی میں نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کررہا ہوتا.عمران خان

اسلام آباد:( آوازچترال نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ الیکشن جیتنے کے لیے پاکستانیوں کا خون کریں گے تو ایسی غلط فہمی میں نہ رہنا کیونکہ کچھ بھی کیا تو یہاں سے جوابی کارروائی ہوگی۔ تھر کے علاقے چھاچھرو میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کے بعد پاکستان میں پہلا جلسہ تھر والوں کے ساتھ ہے، تھر اس لیے آیا کہ پورے ملک میں یہ سب سے پسماندہ علاقہ ہے جو سب سے پیچھے رہ چکا ہے، لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، یہاں پچھلے تین چار سال میں 1300 بچے خوراک نہ ملنے سے مرچکے ہیں، اقتدار میں آنے کا سب سے بڑا مقصد لوگوں کو غربت سے نکالنے کی کوشش کرنا ہے۔ وزیراعظم نے تھر کے لیے ہیلتھ کارڈ کے اجرا کا اعلان کیا اور کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سارے اختیارات صوبوں کے پاس چلے گئے ہیں، ہمارے ہیلتھ کارڈ آج سے ایک لاکھ 12 ہزار گھرانوں کو ملیں گے، اس کارڈ سے ہر خاندان 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج کسی بھی سرکاری کا پرائیوٹ اسپتال سے کراسکتا ہے، ہم یہ تمام کارڈ تھر کے لوگوں کو پہنچائیں گے۔ عمران خان نے مزید اعلان کیا کہ تھر میں بہت جلد دو موبائل اسپتال کام شروع کردیں گے، یہ اسپتال دور دراز علاقوں میں پہنچیں گے اور تھر کو چار ایمبولینسز بھی دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھر میں کالا سونا کوئلہ پڑا ہوا ہے جو سارے پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے پسماندہ علاقوں سے جو معدنیات نکلیں گی، ہماری پہلی کوشش ہوگی کہ وہ پیسہ سب سے پہلے مقامی لوگوں پر خرچ ہو کیونکہ ہم نے پسماندہ علاقوں سے زیادتی کی، گیس جہاں سے نکلتی تھی وہاں کے لوگوں کو اس سے سب سے کم فائدہ ہوتا تھا، فیصلہ کیا ہےکہ اب پاکستان کی پالیسیز مکمل طورپر بدلی جائیں گی، کمزور علاقوں کو اٹھائیں گے اور غریب طبقے کو اوپر لائیں گے۔ وزیراعظم نے تھر میں پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کے لیے 100 آر او پلانٹ لگانے اور علاقے کو سولرکے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ عمران خان نے کہاکہ تھر میں آدھی آبادی ہندو مذہب کی ہے، جو اس وقت ہندوستان میں ہورہا ہے جس طرح کی موجودہ بھارتی حکومت کی پالیسی سے وہاں اقلیتوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، میری حکومت مکمل طور پر ہمارے ہندو مذہب کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اپنی اقلیتیوں پر کسی قسم کا ظلم نہیں ہونے دیں گے، آج ہندوستان کا مسلمان کہتا ہے جو قائداعظم کہہ رہے تھے وہ بالکل ٹھیک تھا، آج وہاں اقلیتوں کو حقوق نہیں مل رہے اسی لیے پاکستان بنا تھا، اب ہمارا فرض ہے جو بھی اقلیت ہے وہ برابر کے شہری رہیں گے، ان کے پورے حقوق ہوں گے اور ان سے کسی قسم کا امتیاز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نفرتوں کی سیاست اور انسانوں کو تقسیم کرکے ووٹ لینا آسان سیاست ہے، اسی طرح کراچی میں بھی تباہی کی گئی، ایک آدمی نے اقتدار کے لیے نفرتیں پھیلائیں اور ووٹ لیے، اگر نفرتوں کی سیاست کراچی میں نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کررہا ہوتا، پاکستان میں کوئی پشتونوں کے نام پر سیاست کرتا ہے اور ملک کو بانٹتا ہے، کسی نے بلوچ کا نام لیا لیکن ان سب کا مقصد اقتدار تھا، پنجاب میں جب مشکل پڑی جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگادیے۔

error: Content is protected !!