پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی سنسنی خیز مرحلے میں داخل | Awaz-e-Chitral

Breaking News

Home / تازہ ترین / پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی سنسنی خیز مرحلے میں داخل

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی سنسنی خیز مرحلے میں داخل

جوہانسبرگ: (آواز چترال نیوز) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے 17 عشاریہ 3 اوورز میں 3 وکٹوں پر 158 رنز بنا لیے ہیں۔ اوپنر بابر اعظم اور فخر زمان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 41 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا، فخر زمان 9 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 58 گیندوں پر 90 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔ جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 188 رنز بنائے، کپتان ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور چار دلکش چوکے شامل تھے جب کہ وینڈرڈوسن نے 45 اور ملان نے 33 رنز بنائے، ہینڈرکس نے 28 اور کلاسن نے 5 رنز کی باری کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، عثمان شنواری سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں 63 رنز دیے۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ جنوبی افریقی ٹیم کے مستقل کپتان فاف ڈوپلیسی کی غیر موجودگی میں ڈیوڈ ملر کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

error: Content is protected !!