پشاور میڈیکل کالج میں 50نشستوں کااضافہ | Awaz-e-Chitral

Home / تازہ ترین / پشاور میڈیکل کالج میں 50نشستوں کااضافہ

پشاور میڈیکل کالج میں 50نشستوں کااضافہ

پشاور۔پشاور میڈیکل کالج،ورسک روڈ پشاور میں سال ا ول کے داخلوں کے سلسلے میں سیٹوں کی تعداد سو سے بڑھا کر 150 کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پشاور میڈیکل کالج جس کاشمار صوبے کے معیاری ا ور مستند میڈیکل کالجز میں ہوتا ہے میں کئی طلباء وطالبات نشستوں کی کمی کی وجہ سے داخلوں سے خواہش کے باوجودمحروم رہ گئے تھے لہٰذا اب اس کی مجموعی نشستوں میں 50سیٹوں کے اضافے کے بعد سال اول میں طلباء وطالبات کی مجموعی تعداد 150ہو گئی ہے جس پر کالج میں مذید پچاس طلباء وطالبات کو داخلہ مل سکے گا ۔
واضح رہے کہ پی ایم سی میں سو نشستیں پہلے ہی فل ہو چکی ہیں جب کہ نئی اضافی پچا س نشستوں پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی اب مذید پچاس طلباء وطالبات کومیرٹ کم چوائس کی بنیاد پر داخلہ دینے کی مجاز ہے ۔ یہ فیصلہ پشاور ہائیکورٹ نے پشاور میڈیکل کالج کی طرف سے دائر ایک رٹ کے جواب میں کیاہے جس میں پی ایم ڈی سی اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو فریق بنایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی نے 2015میں پشاور میڈکل کالج کی طرف سے سیٹیں بڑھانے کی درخواست پر کالج کی انسپکشن کے بعد کالج میں سیٹیں بڑھانے کی سفارش کی تھی جس کی منظوری بعد میں پی ایم ڈی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل کونسل نے بھی دے دی تھی۔
لیکن اس کے باوجود سیٹیں بڑھانے کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا جارہا تھاجس پر کالج انتظامیہ نے پشاور ہائیکورٹ سے انصاف کے حصول کے لیئے رٹ دائر کی تھی جس پر عدالت عالیہ نے فیصلہ سناکر میرٹ پر پورا اترنے والے ان پچاس مستحق طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے سے بچا لیا ہے جو اس سال کالج میں داخلے کے خواہش مند ہیں۔ان اضافی پچاس نشستوں پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی عنقریب مجموعی میرٹ لسٹ سے میرٹ کم چوائس کی بنیاد پر خواہشمند طلباء وطالبات کے انٹرویوز کر کے ان کی پلیسمنٹ کرے گی۔

error: Content is protected !!