تازہ ترین

ہسپتالوں میں خالی آسامیوں پر تعیناتی کیلئے منصوبہ بندی

پشاور ۔(آوازچترال رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھرکے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دوسرے عملے کی خالی پوسٹوں پر جلد از جلد تعیناتی کے لیے جامع منصوبہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت عوام کو ریلیف انکی دہلیز پر ملے گی_ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کا ڈیٹا تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق جہاں جہاں بھی کمی ہے وہاں پر موزوں ڈاکٹروں کی تعیناتی کی جائے گی اور ڈاکٹروں کی تعیناتی کو یکم مارچ تک یقینی بنایا جائے گا اجلاس میں اسپتالوں میں دوائیوں اور طبعی آلات کی کمی کا بھی جائزہ لیا گیا اور جہاں جہاں پر لاجسٹک میں کمی ہے ان کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت جلد اس مسئلے کے لیے بھی ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت تمام ہسپتالوں میں دوائیوں اور طبی آلات فراہم کئے جائیں گے وزیر صحت نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام موزوں ڈاکٹروں کو اپنے اپنے اضلاع میں تعینات کیا جائے اور انہیں اس بات کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے کہ انکی اہم ترین ذمہ داری علاقے کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ صوبہ بھر میں موجود تمام ہسپتالوں بشمول ڈی ایچ کیوز ،ٹی ایچ کیو اور بی ایچ یو ز میں تمام خالی پوسٹوں پر تعیناتی کیلئے جمع شدہ ڈیٹا سے موزوں اور علاقے کے قریب ترین ڈومیسائل والے ڈاکٹروں کی تعیناتی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نچلی سطح پر صحت کی اچھی سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جس کے تحت پرائمری اور سیکنڈری لیول کے ہسپتالوں اور دوسرے اداروں میں صحت کی مختلف سہولیات کیلئے ان اداروں میں مختلف ڈاکٹروں اور سپیشلسٹوں کو تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کو تمام طبی سہولیات انکی دہلیز پر دینے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے بہت جلد صوبہ بھر کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کی جائے گی ور دوسری ضروریات فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں کو سب سے پہلے غریب عوام کو طبی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنی چاہیے جبکہ عوام کی خدمت کے بعد ان کے مسائل پر بھی توجہ دی جائے گی۔اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل محکمہ صحت ڈاکٹر ارشد، صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ز اور منیجمنٹ کیڈر کے افسران نے شرکت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام ہسپتالوں میں خالی اسامیوں اور لاجسٹک کمیوں کی تفصیلات اکٹھے کی گئی ہیں۔ جبکہ صوبہ بھر میں موجود تمام ڈاکٹروں کی تفصیلی معلومات بھی اکٹھی کی گئی ہیں جس کی بنیاد پر مختلف ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں پیرامیڈیکس سٹاف کی کمی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے دریں اثنا صوبائی وزیر صحت کے ساتھ مختلف وفود نے بھی ملاقاتیں کیں اور انہوں نے اپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا وزیر صحت نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button