51

وزیر اعلیٰ نے پشاور میں لیڈیز پارک کا افتتاح کر دیا

پشاور(آوازچترال رپورٹ)۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے پشاور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران شاہی مہمان خانہ کے قریب سبزہ زار پر قائم کئے جانے والے لیڈیز پارک کا افتتاح کیا انہوں نے پارک میں بچوں کیلئے بنائے گئے جھولوں اور واش رومز کا جائزہ بھی لیا اور انہیں زیادہ بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جھولوں میں کھیلنے والے بچوں سے ملاقات اور حوصلہ افزائی بھی کی اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ مرد حضرات بالخصوص نوجوانوں کیلئے تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا اسی طرح پشاور کی خوبصورتی کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی میں کوئی کسر اْٹھا نہیں رکھی جائے گی پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ(بی آر ٹی) سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگلے دو مہینوں میں یہ عظیم الشان منصوبہ ہر لحاظ سے مکمل کر دیا جائے گا اور 23 مارچ کو اس کا باضابطہ افتتاح بھی کیا جائے گا انہوں نے منصوبے کی لاگت میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مخالفین کا منفی پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے ڈیزائن میں ناگزیر ردوبدل کے مقابلے میں بڑھنے والے اخراجات زیادہ نہیں بلکہ کم ہیں محمود خان نے کہا کہ ان کی حکومت نہ صرف احتساب بلکہ خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے ہم ہر وقت عوامی جوابدہی کیلئے تیار ہیں کیونکہ ہم عوام ہی سے ہیں ۔ ادھرخیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے منگل کی سہ پہر ہشنتگری پشاور میں مولوی جی ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے علاوہ ہسپتال کے مختلف شعبے چیک کئے اور عملے کی موجودگی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے وہاں موجود مریضوں اور تیمارداروں سے بھی طبی سہولیات سے متعلق مسائل و مشکلات دریافت کئے جنہوں نے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی خدمات اور سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے ایک تیماردار کی شکایت پر ہسپتال کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی انہوں نے اہل علاقہ کی طرف سے میٹرنٹی کا شعبہ ہسپتال کی حدود میں منتقلی سے متعلق تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ۔

Facebook Comments