تازہ ترین

عمران خان وفاقی اور صوبائی کابینہ کے وزراء کے لیے اخلاقیات کی تربیت کا اہتما م کریں ۔ ۔ لیاقت بلوچ

لاہور(آوازچترال نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ بجلی ، گیس ، پانی کے بحران اور ٹیکسوں میں بے تحاشا اضافہ کے بعد ادویات کی قیمتوں میں 22 فیصد اضافہ عوام پر ظلم اور موت مسلط کرنے کے مترادف ہے ، حکومت ادویات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے۔ عمران خان حکومت اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم غریب اور متوسط طبقہ پر اور زیادہ بوجھ نہ بڑھائے ۔ وزیر صحت کا یہ کہنا کہ وقتی اضافہ ہے ، نااہلی اور سنگ دلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سب کے احتساب کے لیے پانامہ فہرست کے 436 افراد کو جب تک احتساب کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، کرپٹ مافیا مظلومیت کا مصنوعی ماحول بناتا رہے گا ۔ حکومتی وزراء اپنی زبانوں کو کنٹرول کریں اور عدلیہ، نیب اور احتساب عدالت نہ بنیں تو احتساب کا معاملہ درست سمت میں آگے بڑھے گا ۔ وزراء کے روزانہ ناتجربہ کاری اور شوخا پن کے بیانات جلتی پر تیل کاکام کررہے ہیں ۔ عمران خان وفاقی اور صوبائی کابینہ کے وزراء کے لیے اخلاقیات کی تربیت کا اہتما م کریں ۔
لیاقت بلوچ نے مزیدکہاکہ اینٹوں کے بھٹوں کے چلنے پر پابندی کے خاتمے کے بعد بھٹے تو چل رہے ہیں لیکن اینٹوں کی قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہوئی جس سے عام افراد متاثر ہورہے ہیں ۔ حکومت اینٹوں کا ریٹ مقرر کر کے اس ریٹ کے مطابق اینٹوں کی فروخت کو یقینی بنائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ا ورنج لائن ٹرین کو بغیر کسی تاخیر اور ہچکچاہٹ کے مکمل کیا جائے اور عوام کو سہولت فراہم کی جائے ۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے یہ منصوبہ ذاتی مال سے نہیں شروع کیا تھا یہ ملک و ملت کا سرمایہ ہے اسے تباہی سے بچایا جائے ۔ گزشتہ حکومتوں کے کاموں کو روک کر قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے کلچر میں بھی تبدیلی لائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے بڑھتے اژدھام کو کنٹرول کرنے کے لیے امامیہ کالونی ، کالا خطائی روڈ پر بھی ریلوے کراسنگ اور شاہدرہ موڑکے مقام پر مینار پاکستان طرز کا ایلیویڈ فلائی اوور بنائے تاکہ عوام کو ذہنی کوفت سے نجات ملے ۔ امامیہ کالونی کالاخطائی روڈ ریلوے کراسنگ پر ریلوے پھاٹک بند ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ جاتی ہیں جس سے ہر طبقہ شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہوجاتاہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button