49

خیبر پختونخوا کی خوبصورتی کے لئے پلان ترتیب

پشاور۔(آوازچترال رپورٹ) خیبر پختونخوا کی خوبصورتی کے لئے پلان ترتیب دے دیا گیا۔ سات اضلاع میں بیوٹیفکیشن اینڈ اپ لفٹ پراجیکٹ کے تحت سڑکوں اور کھیلوں کے میدانوں کی مرمت، تاریخی عمارتوں اور مقامات کو بحال اور مین ٹاؤنز اور بازاروں کو خوبصورت بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے جمعہ کے روز صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت بیوٹیفکیشن اینڈ اپ لفٹ پراجیکٹ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان، متعلقہ اضلاع کے چھ ایم پی ایز، سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ، اسپیشل سیکرٹری عامر لطیف، ڈائریکٹر جنرل میاں عادل اقبال، ہنگو، ٹانک، لکی مروت، مالاکنڈ، صوابی،چارسدہ اور ہری پور کے ڈپٹی کمشنرز، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن اور پی ڈی اے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع کی خوبصورتی کے لئے تیار پلان پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ اضلاع کے شہری علاقوں کو زیادہ ترجیح دی جائے تاکہ وہاں کے مسائل جلد حل ہو سکیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہر ضلع کے بازاروں میں ڈسٹ بن مہیا کیے جائیں گے تاکہ کچرا ایک جگہ اکٹھا رہے۔اسی طرح ہر ضلع میں سلاٹر ہاؤسز اپ گریڈ کیے جائیں اور انہیں تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ جانوروں کو کھلے عام ذبح کرنے کی روک تھام کی جا سکے۔ بس اسٹاپس پر ویٹنگ شیڈز بنائیں جانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

Facebook Comments