تازہ ترین

شوگر مافیا ایک بار پھر متحرک ہوچکاہے ۔جو حکومت آتی ہے وہ عام آدمی کے مفادات کی بجائے شوگر مل مالکان کے مفادات کازیادہ خیال رکھتی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق

لاہور(آوازچترا ل نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ شوگر مافیا ایک بار پھر متحرک ہوچکاہے ۔ گزشتہ چند روز میں چینی 8 روپے فی کلو تک مہنگی ہوچکی ہے ۔ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت میں بھی شوگر مافیا دلیری سے عوام کو لوٹ رہاہے ۔ لگتاہے حکومت شوگر مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے اسی لیے اسے کھل کھیلنے کا موقع دیا جارہاہے۔ جو حکومت آتی ہے وہ عام آدمی کے مفادات کی بجائے شوگر مل مالکان کے مفادات کازیادہ خیال رکھتی ہے ۔ عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی اور انقلاب لانے کے تمام حکومتی دعوے اور سرکاری اعلانات ہوا میں تحلیل ہو گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں علاقے کے عوام اور کارکنوں سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت قرضے ، امداد اور اربوں کا ادھار تیل لینے کے باوجود معیشت کو بہتر بناسکی نہ مہنگائی پر قابو پاسکی ۔ موجودہ حکومت کے دور میں بنیادی ضروریات زندگی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں چالیس فیصد تک اضافہ ہوچکاہے ۔ خاص طور پر چینی کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ ہورہاہے اور حکومت عوام کی بجائے شوگر مافیا کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ روپے کی قدر میں کمی ہونے کی وجہ سے اٹھنے والا مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ۔ حکمرانوں کو شاید عوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہی ہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جب تک حکمران خود کو احتساب سے بالاتر سمجھتے رہیں گے ، احتساب کے نظام اور نیب پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی ۔حکمرانوں نے مدینہ کی جس اسلامی ریاست کے نعرے پر الیکشن لڑا تھا اس میں تو خلیفہ وقت بھی خود کو احتساب سے مبرا نہیں سمجھتے تھے اورایک عام آدمی اٹھ کر خلیفہ وقت سے پوچھ سکتاتھاکہ آپ نے دوسری چادر کہاں سے لی کیونکہ ایک چادر میں تو آپ کا کرتہ نہیں بن سکتا ، لیکن یہاں معاملہ بالکل الٹ ہوچکاہے ۔ حکومت میں آنے کے بعد حکمران آئین و قانون سے بالاتر ہو جاتے ہیں اور استثنیٰ کو اپنا حق سمجھتے ہیں حالانکہ یہ سراسر اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل ملک میں اسلامی انقلاب میں ہے ۔ جب تک نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ نہیں ہوتا ، غربت ، جہالت ، کرپشن اور لاقانونیت سے چھٹکارا نہیں مل سکتا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button