48

ڈیوٹی سے غیر حاضر ٹاؤن ٹو کے32ملازمین معطل

پشاور۔(آوازچترال رپورٹ)ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹاؤن 2) کے مختلف شعبوں میں دوران ڈیوٹی غیر حاضر ہونے پر ٹی او آر سمیت مختلف کیڈر کے 32افسروں و ملازمین کو ملازمت سے معطل کرکے ان سے وضاحت طلب کر لی گئی جبکہ ٹی ایم او کو اپنے فرائض سے غفلت برتنے اور ملازمین کو نظم و ضبط کا پابند نہ بنانے پر سیکرٹری ایل سی بی کو خط ارسال کر دیا گیا
گزشتہ روز ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ خان کافور ڈھیری نے اپنے دفتر کے مختلف شعبوں کا اچانک دورہ کیا اس دوران وہ جس شعبے میں بھی گئے وہاں آفیسرز اور دیگر عملے کے اہلکار ڈیوٹی سے غائب پائے گئے جب ناظم نے ڈیوٹی سے غائب عملے کی فہرستیں مرتب کیں تو انکشاف ہوا کہ ٹی او آر ٗ اے ٹی او آر ٗ اے او اور دیگر افسروں سمیت مجموعی طور پر 32اہلکار ڈیوٹی سے غائب ہیں
اس موقع پر ناظم نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ سٹاف کو فوری طور پر معطل کرکے ان سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کر دی ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ خان کافور ڈھیری کے مطابق ملازمین کو نظم و ضبط کا پابند بنانا ٹی ایم او کی ذمہ داریوں اور فرائض میں شامل ہے تاہم وہ مسلسل اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹی ایم او کے خلاف سیکرٹری ایل سی بی کو خط لکھیں گے اور انہیں صورتحال سے آگاہ کرینگے ۔

Facebook Comments