47

ہائیڈل پاور سیکٹر میں ہماری صوبائی حکومت مزید کام کر رہی ہے تاکہ توانائی کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔…

پشاور۔ (آوازچترال نیوز) ٹورازم زر مبادلہ کے حصول کا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے جسے دنیا کے بیشترممالک سیاحت کی وجہ سے خاصہ کما رہے ہیں سیاحت کو فروغ دینا ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ،ہر سال دو نئے مقامات سیاحوں کے لئے کھولے جائیں گے اور ہائیڈل پاور میں کام کرنے سے ہم توانائی کے شعبے میں کافی ترقی کر سکتے ہیں
ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے 25 نئے مقامات کی نشاندہی کی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا اور یہ نئے مقامات آنے والے دنوں میں سیاحت کے لیے کھو لے جائیں گے جس سے صوبے کو خا طر خواہ فائدہ ہوگا انہوں نے کہا کہ سیاحت اور ہائیڈل پاور کے لحاظ سے قدرت کا ہمارے صوبے پر خاص کرم ہے جن میں ترقی کے مواقع کافی حد تک موجود ہیں ضرورت ان پر تھوڑی سی توجہ دینے کی ہے ۔صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صحت، تعلیم اور روزگار کے ساتھ ساتھ سیاحت اور ہائیڈل پاور کو فروغ دینا بھی شامل ہیں ہائیڈل پاور کے سیکٹر میں ہماری پچھلی صوبائی حکومت نے چھوٹے چھوٹے کامیاب منصوبے مکمل کیے جس سے ان علاقوں کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔

ہائیڈل پاور سیکٹر میں ہماری صوبائی حکومت مزید کام کر رہی ہے تاکہ توانائی کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔روزگار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صرف پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تیس ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی جس سے صوبے میں بیروزگاری پر کافی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ سی پیک اور صنعتی زونز کے قیام سے بھی کافی زیادہ روزگار کے مواقع سامنے آئیں گے جس سے نہ صرف ہمارے صوبے بلکہ پورے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے اپنا کمیشن کھانے اور اپنے لوگوں کو نوازنے کے لئے مختلف جگہوں پر سرکاری عمارات بنائی ہیں جو خالی پڑی ہیں اب صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ پہلے ان سرکاری عمارات کے لئے سٹاف لیا جائے تاکہ لوگوں کے فلاح و بہبود کے لیے ان کو استعمال میں لایا جائے جن سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے وہاں اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے اور جہاں پر مراکز صحت میں اسٹاف نہیں ہے وہاں پر سٹاف بھرتی کیا جائے گا۔

Facebook Comments