تازہ ترین

ملکی دفاع کیلئے نظریہ پاکستان کی حفاظت ایٹم بم کی حفاظت سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔ سینیٹر سراج الحق

لاہور(آوازچترال نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی دفاع کیلئے نظریہ پاکستان کی حفاظت ایٹم بم کی حفاظت سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔ نظریہ سے بے وفائی نہ کی جاتی توپاکستان دولخت نہ ہوتا۔آج امریکہ اور نیٹو فوجوں کو افغانستان کے اسلحہ نے نہیں لاالہ الااللہ کی قوت نے عبرت ناک شکست سے دوچار کیا ہے ۔قائد اعظم اور لیاقت علی خان کے بعد قوم کو نظریاتی قیادت نصیب نہیں ہوئی ۔مخصوص ٹولہ 71سال سے ملک کی بوٹیاں نوچ رہا ہے۔ حکمرانوں نے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا دی ہیں۔ حکمران ،نیب اور عدالتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتیں تو آج ملک 96ارب ڈالر سے بھی زیادہ کا مقروض نہ ہوتا ۔کرپشن ،بدعنوانی اور رشوت ستانی جیسے جرائم کے مکمل خاتمہ کیلئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں فیصلے کرنا ہونگے ۔کرپٹ لوگوں کوچین اور روس جیسی سزائیں دیئے بغیر کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ پانامہ کے دیگر 436ملزموں کو بھی کوئی نہیں پوچھ رہا ۔حکومت نے پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کا عوام سے جو وعدہ کررکھا ہے اسے پورا کرنے کیلئے اسلامی نظام معیشت کو رائج کرنا ضروری ہے ۔بدعنوانوں اور سودی معیشت کی موجودگی میں ریاست مدینہ نہیں بن سکتی ۔چوری کرکے بیرون ملک منتقل کی گئی قومی دولت واپس آجائے تو نا صرف پاکستان کے تمام قرضے اتر سکتے ہیں بلکہ عوام کو غربت مہنگائی ،بے روزگاری اور جہالت کے اندھیروں سے بھی نکالا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ احتساب کے بے لاگ نظام کے بغیر بدعنوانی اور کرپشن کا خاتمہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔چند لوگوں کے احتساب سے احتساب کے پور ے نظام پر سوالات اٹھ رہے ہیں ۔ نیب کی الماریوں میں کرپشن کے 150میگا سکینڈل کی فائلیں پڑی گل سڑ رہی ہیں مگر ان پر کوئی کاروائی نہیں کی جارہی۔ان تمام کیسز پر سپریم کورٹ ،نیب اور حکومت کی طرف سے ایک پراسرار خاموشی ہے ۔قانون افراد کیلئے نہیں بلکہ ملک و قوم کیلئے ہوناچا ہئے ۔ حکومت بڑے جاگیر داروں اور سرمایہ داروں سے ٹیکس وصولی کا منظم نظام بنائے، غریبوں کو ٹیکس کی چکی میں پیستے رہنامعاشی پلاننگ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ختم کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے ۔ اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے غلبہ دین کی جدوجہد کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل اور جفاکش و محنتی لوگوں سے نوازا ہے ۔ دنیا بھر میں پاکستانی اپنی خدا داد صلاحیتوں کی وجہ سے اپنا ایک مقام و وقار رکھتے ہیں لیکن اللہ کے نظام سے روگردانی کی وجہ سے آج ملک میں بھوک، غربت اور بے روزگاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد بھی ہمارا عدالتی ، تعلیمی اور سیاسی نظام وہی ہے جو انگریز چھوڑ کر گیا تھا ۔ ہماری کامیابی اور ترقی ہمارے کردار ، عشق رسول ﷺ اور شریعت محمد ی سے ہے مغربی کلچر کی پیروی میں نہیں ہے ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button