75

میونسپل ملازمین کا پشاور میں ہڑتال اعلان

پشاور۔( آوازچترا ل نیوز )صوبائی دارالحکومت کے میونسپل ملازمین نے ماہ نومبر کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر آج بدھ کے روز ضلع بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا جس کے تحت پشاور کی صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے سمیت دیگر میونسپل خدمات کی فراہمی معطل رکھی جائے گی یہ فیصلہ مزدور اتحاد میونسپل ورکرز یونین کے چیئرمین قیصر باچہ کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں فضل محمود ٗ قادر شیر ٗ محمد اقبال ٗ اشفاق اور عامر درانی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج بدھ کے روز ڈبلیو ایس ایس پی کے چاروں زونز میں ہڑتال کی جائے گی اس دوران میونسپل ملازمین کسی قسم کی میونسپل خدمات نہیں فراہم کرینگے جبکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائیگا چیئرمین قیصر باچہ کے مطابق صوبائی حکومت نے ڈبلیو ایس ایس پی کو 28نومبر کو تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے تھے تاہم 5 دسمبر تک تاحال نومبر کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی انہوں نے کہاکہ آگر فوری طور پر تنخواہیں جاری نہ ہوئیں تو ہڑتال کا دائرہ وسیع کر دینگے ۔

Facebook Comments