تازہ ترین

گورنر ہائوس کی ایک اینٹ بھی ہلی تو سب جیل میں ہوں گے، لاہور ہائیکورٹ نے بڑا حکم دے دیا

گورنر ہائوس کی ایک اینٹ بھی ہلی تو سب جیل میں ہوں گے، لاہور ہائیکورٹ نے بڑا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کے خلاف حکم امتناعی جاری کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر ایک اینٹ بھی اپنی جگہ سے ہلی تو سب جیل میں ہوں گے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے خواجہ محمد محسن کی درخواست پر سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا گورنر ہاوس کی دیواریں گرا دی گئی ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ایک صدی پرانے گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ یہ گورنر ہائوس کس کے کنٹرول میں آتا ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کے لئے کابینہ سے منظوری بھی نہیں لی گئی، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت اس طرح کے کام کے لئے اخبار اشتہار دینا لازمی ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا گورنر ہائوس کی بلڈنگ کو مسمار نہیں کیا جا رہا بلکہ دیواروں کی بات ہوئی ہے۔

جسٹس مامون رشید نے ریمارکس دیئے کہ میں یہیں پیدا ہوا ہوں جب سے دیکھ رہا ہوں دیوار موجود ہے، درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ وزیر اعظم کے گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کے حکم سے عوام کے پیسے کا ضیاع ہو گا، گورنر ہائوس کی عمارت ثقافتی ورثے کی حامل تاریخی عمارت ہے دیواریں گرانا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کاحکم کالعدم کیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کیخلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button