خیبرپختونخوا میں صوبائی ثقافتی نمائش سیاحوں کی توجہ کا مرکز

پشاور(آوازچترا ل نیوز)۔ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبائی سیاحت و ثقافت کی رونمائی اور فروغ کیلئے لگائے گئے سٹالز اور کے پی پویلین سیاحوں اور فیملیز کی توجہ کا مرکز بن گیا، شہریوں کی کثیر تعداد نے جہاں خیبرپختونخوا پویلین کا رخ کیا تو دوسری جانب ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے سیاحت و ثقافت کی رونمائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے خیبرپختونخوا پویلین میں صوبائی ثقافت پر مبنی اشیاء اور ہینڈی کرافٹ سمیت 9 مختلف سٹالز جن میں ہاتھوں سے بنی سواتی شالز،کالاشی سٹال، پشاوری ہینڈی کرافٹس ،چارسدہ کھدرڑ، ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافتی اشیاء ، تانبے کے برتن سمیت قدیم پتھروں کی جیولری اور دیگر سٹالز شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ سیاحوں اور شہریوں کیلئے ٹورازم انفارمیشن ڈیسک، عوام کو موسیقی سے محظوظ کرنے کیلئے رباب منگے اوراتنڑڈانس پرفارمنس بھی نمائش کا حصہ تھے،کے پی پویلین میں شہریوں کیلئے قہوہ خانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ پشاور سوغات سے لطف اندوز ہو سکیں، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ٹورازم کارپوریشن صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی آبادکاری کیساتھ ساتھ سیاحوں کو اس جانب راغب کرنے کیلئے ان کی نمائش بھی کر رہی ہے تاکہ وہ شہری اور سیاح جو ان مقامات تک آج تک نہیں جا سکے ان کو اس بارے معلومات فراہم کی جائے تاکہ مقامی سیاحوں کیساتھ ساتھ غیر ملکی سیاح بھی خیبرپختونخوا کا رخ کریں ۔