اچترل کے سیکیورٹی ادارے بھی غیر ملکیوں کے تحفظ کو یقینی اور بہتر بنانے سے غافل نہیں ہیں ۔ عبدالستار
چترال ( نمائندہ آوازچترال) ملکی صورت حال کے پیش نظر شہری علاقوں میں جہاں سیکیورٹی اداروں کی طرف سے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کے تحفظ کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔ وہاں چترال کے سیکیورٹی ادارے بھی غیر ملکیوں کے تحفظ کو یقینی اور بہتر بنانے سے غافل نہیں ہیں ۔ چترال کے علاقہ شغور میں 9500 فٹ بلند معدنی منصوبے پر ڈی پی او چترال فرقان بلال کی ہدایت پر ایک فٹ برف پر موک ایکسر سائز کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ جو کہ ایس ڈی پی او گرم چشمہ عبدالستار کے زیر نگرانی انجام دیا گیا ۔ موک ایکسر سائز میں پولیس کے جوانوں ،ایلیٹ فورس اور پراجیکٹ کی سیکیورٹی نے حصہ لیا ۔ اور کسی بھی ہنگامی صورت میں تیز ترین ایکشن کے ذریعے جانی و مالی نقصانات سے بچنے کے حوالے سے اپنے فن اور تربیت کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔ موک ایکسر سائز کے موقع پر پی ایس او ٹو ڈی پی او چترال امان اللہ ، ایلیٹ فورس کے انچارج ابرار اور ایس ایچ او تھانہ شغور صادر ولی نے اپنی ٹیم کے جوانوں کی قیادت کی ۔ اور موثر ایکشن سے متعلق ہدایات دیں۔ چترال اگرچہ ملک کے دوسرے حصوں کے مقابلے میں ایک پُر امن ضلع ہے ۔ تاہم چترال کے سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے سے غافل نہیں ہیں ۔ اور مسلسل تربیت کی ریہرسل کرکے کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمنٹنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھانے پر یقین رکھتے ہیں۔ خصوصاً غیر ملکیوں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے ۔ اس لئے تمام پراجیکٹس پر جانی و مالی نقصانات سے بچنے اور تحفظ کو بہتر بنانے کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ ڈی پی او چترال محمد فرقان بلال نے اپنے پیغام کہاہے ۔ کہ چترال ایک پُر امن ضلع ہے ۔ لیکن ہمیں کسی بھی صورت اپنی تیاری سے غافل نہیں ہونا چاہیے ۔ اور غیر ملکیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔