پشاورمیں پولیو سے متعلق جعلی ڈیٹا فیڈ کرنے کا انکشاف
پشاور۔( آوازچترال نیوز)پشاور میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کا جعلی ڈیٹا فیڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، غلط ڈیٹا فیڈ کرنے والے پولیو پروگرام کے 14 اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں حالیہ انسداد پولیو کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کا غلط ڈیٹا ظاہر کیا گیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے غلط ڈیٹا فیڈ کرنے والے پولیو پروگرام کے 14 اہلکاروں کو فارغ کر دیا گیا ۔وزیراعظم کے ترجمان بابر بن عطا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ صرف پشاور میں 23000 ہزار بچے پولیو ویکسین سے محروم رہ گئے جن کی تعداد زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔بابر بن عطا نے لکھا کہ 14 پولیو ورکرز کی نااہلی نے پشاور کو پولیو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، کوئٹہ اور پشاور سے پولیو وائرس نکل نہیں رہا، پولیو وائرس کی وجہ بڑی تعداد میں بچوں کی ویکسین سے محرومی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے پشاور میں 18 ہزار انکاری والدین تھے، غلط ڈیٹا فیڈ کرنے والوں کو فارغ کرنے کے بعد اصل تعداد سامنے آ رہی ہے، جو اب 30 سے 40 ہزار بنتی ہے۔