نادہندہ وکلاء کے عدالتوں میں پیشی پرپابندی لگانے کافیصلہ
شاور ( آوازچترال نیوز)۔خیبرپختونخوابارکونسل نے بارکونسل کے نادہندہ وکلاء کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اوران وکلاء کے عدالتوں میں پیش ہونے پرپابندی عائد کرنے کے لئے نام پشاورہائی کورٹ کے رجسٹرار اورصوبہ بھرکی ماتحت عدالتوں کو بھجوانے کافیصلہ کیاہے اس بات کافیصلہ خیبرپختونخوا بارکونسل کی رولز اور اینٹی کرپشن ذیلی کمیٹیز کے مشترکہ اجلاس میں کیاگیا ۔
بارکونسل کے ترجمان نوازخان عادل کے مطابق اجلاس کیِ صدارت شاہ جہان خان سواتی ایڈوکیٹ نے کی اجلاس میں نادہندہ وکلاء کو نوٹسز زیرِ بحث لائے گئے اجلاس میں نادہندہ وکلاء کے نام بارکونسل رول سے خارج کرنے اور پریکٹس سے روکنے کے عملی اقدامات کیلئے سفارشات مرتب کی گئیں ۔ اس بابت خیبر پختونخوا بارکونسل نے فیصلہ کیاکہ رجسٹرار اور ایڈیشنل رجسٹرار صاحبان پشاور ہائی کورٹ اور متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزصاحبان کو اُن وکلاء کے نام بھیجے جائینگے تاکہ اُن کی وکالت نامے عدالتوں میں کیسوں کی پیروی کیلئے منظور نہ کئے جائیں جبکہ سفارشات حتمی منظوری کے لئے بارکونسل کے جنرل باڈی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
اس بابت تمام بار ایسوسی ایشنز کے صدور صاحبان کو خطوط ارسال کردئیے گئے ہیں ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا بارکونسل کی بنوولنٹ فنڈ کمیٹی اجلاس بھی زیرِ صدارت محمد سریر خان ایڈوکیٹ منعقد ہوا اجلاس میں معذور ، عمر رسیدہ اور بیمار وکلاء کیلئے امداد اور فوت شدہ وکلاء کے لواحقین کے لیے سات ، سات لاکھ روپے فنڈ دینے کی سفارشات بھی مرتب کی گئی ترجمان کے مطابق تمام فیصلوں کی حتمی منظوری خیبرپختونخوابارکونسل کے یکم دسمبرکو ہونے والے جنرل باڈی اجلاس میں دی جائے گی۔