تازہ ترین

حکومت سینہ زوری پر اتر آئی، نئے کے نام پر پراناپاکستان تباہ کرنے والوں کو روکیں گے :بلاول

گلگت بلتستان(  آوازچترالنیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سینہ زوری پر اتر آئی ہے ، نیا پاکستان کے نام پر پرانا پاکستان تباہ کرنے والوں کو روکا جائے گا، ان کو ”توں توں میں میں“ کے علاوہ تیسرا کوئی لفظ نہیں آتا، معاشی بحران کیاحل کریں گے؟ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدلی کا آغاز گلگت بلتستان کے بجٹ کوکاٹ کر کیاگیا،انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا گلگت میں صحت، تعلیم اور ترقی کا وعدہ پورا ہوا؟ آج کل تبدیلی کے وعدے کیے جا رہے ہیں، گلگت بلتستان کے باسیوں نے ڈوگرا راج کیخلاف جنگ لڑی لیکن ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کرنے والوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ سی پیک میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا گیا، گلگت بلتستان کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے، سی پیک منصوبے میں گلگت بلتستان کے حقوق کا تحفظ کیا جا ئے گا ، سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو نے گلگت بلتستان کو شاہراہ قراقرم کا تحفہ دیا اور یہاں سے سرداری نظام کا خاتمہ کیا، اس کے بعد شہید بی بی کے وعدوں کو آصف زرداری نے پورا کیا اور یہاں کی عوام کو ان کے حقوق دیئے گئے۔

ان کا کہناتھا کہ گلگت بلتستان کیساتھ جو رشتہ بھٹو نے جوڑا وہ رشتہ بے نظیر اور آصف زرداری نے نبھایا، میں بھی وہی رشتہ نبھانے کا وعدہ کرتا ہوں، پیپلز پارٹی کے پرچم کے سائے تلے استحصالی نظام کیخلاف جدوجہد جاری رکھوں گا، میری جدوجہد ہرمحنت کش کی جدوجہد ہے، مجھے یقین ہے آپ کی جانب سے بھٹو کی طرح میرا بھی ساتھ دیا جائے گا ۔میں عوام کی حمایت کے بغیر اکیلا کچھ نہیں کر سکتا، میرا ساتھ دیں اور میرا بازو بن جائیں، ہم اقتدار میں آ کر گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کو یقینی بنائیں گے، ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ نبھاتے بھی ہیں، اگر آپ کو جمہوری وسیاسی حقوق ملے تو پیپلز پارٹی نے دیئے۔ ہم اقتدار میں آ کر دیامربھاشا اور منجھی ڈیم سے منصفانہ رائلٹی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ معیشت کی کشتی ڈوب رہی ہے، ملک نازک ترین صورتحال سے دوچار ہے، قرض مانگنے پر خود کشی کرنے والے قرض ملنے پر مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں، بحران حل کرنے کے لیے ویژن، قیادت کی ضرورت ہوتی ہے، حکومت کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے سے وقت ملے تو معیشت پر توجہ دیں، ہم پاکستان کو سیاسی تجربہ گاہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن میں عوام کو سبز باغ دکھائے گئے، ایمانداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والے کا اپنا دامن داغدار ہو چکا ہے، سو دن والوں نے سو سے زائد یوٹرن لئے گئے ہیں، ہم نئے پاکستان کا نام لے کر پاکستان کو تباہ کرنے والوں کا راستہ روکیں گے، نیا پاکستان بنانے والوں نے پاکستان کی بنیادوں کوہلا کررکھ دیا ہے ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button