تازہ ترین

لواری ٹنل روڈ کی ممکنہ بندش کے نتیجے میں مقامی تاجر اشیائے خوردونوش کی بڑی مقدار میں اسٹاک کرتے ہوئے نظرآرہے ہیں

چترال (نمائندہ آوازچترال ) موسم سرما میں برفباری کی وجہ سے لواری ٹنل روڈ کی ممکنہ بندش کے نتیجے میں مقامی تاجر اشیائے خوردونوش کی بڑی مقدار میں اسٹاک کرتے ہوئے نظرآرہے ہیں جن میں آٹا سرفہرست ہے جس کی مانگ موسم سرما کے ساتھ زبردست بڑھ جاتی ہے اور چترال بائی پاس روڈ پر آٹا اور چاؤل کے بڑے بڑے اسٹو ر کھل رہے ہیں جن میں آٹے کی تقریباً تمام معروف ومشہور برانڈ دستیاب ہیں اورضلعے کے مختلف علاقوں سے چترال شہر کا رخ کررہے ہیں۔ موسم سرما میں تعمیراتی کام رک جانے کی وجہ سے تعمیراتی مواد سیمنٹ، سریا فروخت کرنے والوں نے بھی آٹا اسٹورلگادیا ہے جن کا کہنا ہے کہ موسم میں آٹے کی مانگ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے اس کاروبار میں انہیں منافع حاصل ہوتا ہے جوکہ موسم بہار کی آمد اور کام کا سیزن شروع ہونے تک جاری رہتا ہے۔ چترال کے مختلف بازاروں بائی پاس روڈ، اتالیق بازار، چیو بازار، نیو بازار اور شاہی بازار میں آٹا اور دیگر اشیائے خوردنی کی نئی دکانیں کھل جانے اور آٹے کی ذیادہ مقدا ر میں دستیابی کی وجہ سے آٹے کی نمائش کا گماں ہوتا ہے۔شہر کے مختلف بازاروں کے سروے سے معلوم ہواکہ اسٹاکسٹوں اور جنرل اسٹوروں میں آٹے کی بڑی مقدار کی موجودگی کی وجہ سے تاجروں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوگئی ہے جس سے صارفین کو سستی نرخ میں آٹا دستیاب ہوتا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ اکثر لوگ پوری سیزن کے لئے آٹے کا اسٹاک کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آٹے کی طلب اور رسد میں غیر معمولی اضافہ رونماہوگیا ہے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button