شیشی کوہ گورین گول کامیاب اپریشن ،ریسکیو 1122کے اہلکاروں کے لئے اسناد کا اعلان
چترال( آوازچترال نیوز)ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی امجد خان ایمرجنسی آفیسر چترال کی قیادت میں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کاروائیبرفانی تودے تلے دبے افراد کو نکال لیا۔
چترال کے تحصیل دروش کے دور افتادہ وادی شیشی کوہ گورین گول میں برفانی تودے تلے دب کر لاپتہ ہونے والے 4 افراد کی لاشیں گذشتہ روز نکال لی گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق وادی شیشی کوہ کے دورافتادہ پہاڑی علاقے گورین گول میں مویشی چرانے والے 4 افراد برفانی تودہ تلے دب کر لاپتہ ہوگئے تھے جن کی تلاش کےلئے کئی گھنٹوں تک ریسکیو آپریشن کیا گیا جس کے دوران چاروں افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ترجمان کے مطابق جن افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اُن میں دو سگے بھائی مومن، امیرزادہ پسران خائستہ خان، سعد ملوک ولد بہادر اور عثمان ولد گل محمد ساکنان ارندو شامل ہیں جن کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق جائے حادثہ 10 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع تھا جبکہ راستہ بھی کافی دشوار گزار تھا جس کے باعث وہاں پہنچنے کےلئے ریسکیو اہلکاروں نے 3 گھنٹے کا پیدل راستہ طے کیا۔
دوسری جانب کامیاب آپریشن پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے اہلکاروں کو توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔