تازہ ترین

سعودی حکام کا پاکستان کیلئے 12 ارب ڈالرز کے امدادی پیکیج کا اعلان، وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری

ریاض (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب رنگ لے آیا ہے جس نے پاکستان کیلئے 12 ارب ڈالرز کے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پیکیج کے تحت پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کیلئے 3 ارب ڈالرز ملنے کے علاوہ 3 سال تک 9 ارب ڈالر کا تیل بھی ادھار ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ معاشی تعاون کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔

اعلامیے کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو ایک سال کیلئے تین ارب ڈالرز دے گا جو بیلنس آف پے منٹ کے طور ڈیپازٹ رکھے جائیں گے جبکہ تین سال تک سالانہ 3 ارب ڈالرز یعنی کل 9 ارب ڈالرز کا تیل ادھار دیا جائے گا۔ تیل ادھار دینے کا معاہدہ تین سال تک ہے جس کے بعد اس کی مدت میں توسیع کی جا سکے گی۔ اس علاوہ سعودی عرب نے پاکستان میں پٹرولیم ریفائنری کے قیام کیلئے سرمایہ کاری پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے اور اب وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد تمام معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کیا اور اپنے خطاب میں انسانی وسائل کی ترقی پر زور دینے کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور خطے میں سی پیک کی اہمیت سے متعلق اظہار خیال بھی کیا۔

سعودی عرب نے معدنی وسائل کے شعبے کو ترقی دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس پر وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت سے مشاورت کے بعد سعودی وفد کو دورے کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی ولی عہد نے پاکستانی ورکرز کیلئے ویزا فیس کم کرنے سے متعلق وزیراعظم کی تجویز بھی مان لی ہے

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button