تازہ ترین

دنیا میں ایل این جی کا سستا ترین معاہدہ کیا :شاہد خاقان عباسی نے منصوبے کی نیب سے تحقیقات کرانے کی پیشکش کردی

اسلام آباد (   آوازچترال رپورٹ)سابق وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ہم نے دنیا میں ایل این جی کا سستا ترین معاہدہ کیا ، میں ایل این جی منصوبوں کا ذمہ دار ہوں اور ہر جگہ جواب دینے کوتیار ہوں چاہئے نیب سے تحقیقات کروالی جائیں ، اس معاملے میں کسی افسر کوتنگ نہ کیاجائے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایل این جی معاہدوں پر وفاقی وزیر غلام سرور خان کو کسی نے مس گائیڈ کیاہے ، دنیا میں 30کے قریب ایل این جی ٹرمینلز ہیں جن میں جو ٹرمینلز ہم نے لگائے وہ سب سے کم قیمت کے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اس سے قبل حکومت پاکستان نے ایل این جی ٹرمینل لگانے کی پانچ دفعہ کوشش کی لیکن قیمت زیادہ ملتی رہی ۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے منصوبوں کا میں ذمہ دار ہوں ، کسی افسر کو تنگ نہ کیاجائے ، پاکستان کے توانائی بحران کا ایل این جی کے سوا کوئی حل نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا میں حکومت سے گزارش کرتاہوں کہ مجھے کہیں بھی بلالیاجائے اور چاہئے نیب سے تحقیقات کرالی جائیں میں اس کاجواب دینے کوتیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل کی قیمتیں بولی کے ذریعے حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل پانچ مرتبہ پاکستان میں ناکام ہوا اور وہا ں ہم ایک ڈالر سے زیادہ قیمت دینے پر تیار تھے ، ہم نے ایل این جی کا معاہدہ 64سینٹس میں حاصل کیا ، بھارت ہم سے ڈبل قیمت ادا کررہا ہے ، ایل این جی کا معاہد قطر حکومت کے ساتھ حکومت کاحکومت کے ساتھ معاہدہ تھا ، اگر کوئی شخص یہ کہے کہ اس میں کرپشن ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت قطر کمیشن کی ادائیگی کررہی ہے اور میں اس حوالے سے حلفیہ بیان دینے پر تیار ہوں۔ یہ دنیا میں پہلا معاہدہ ہے جو بولی کے ذریعے طے کیا گیا اور پانچ سال کی قیمت پر 15سال تک ایل این جی حاصل کرنے کا معاہدہ کیا گیا ۔
Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button