تازہ ترین

چترال چیمبرآف کامرس کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری،سپیکرصوبائی اسمبلی نے حلف لیا

پشاور(  آوازچترال رپورٹ)سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ چترال کے لوگ محب وطن پاکستانی ہیں جنہوں نے درپیش مصائب کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔چترال قدرتی حسن اور معدنی وسائل سے مالامال ہے ۔ماضی میں علاقہ نظراندازکیا جاتارہا لیکن موجودہ حکومت چترال کی پسماندگی دورکرکے اسے ترقیاتی اضلاع کے مساوی مراعات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں چترال چیمبرآف کامرس کی نئی کابینہ کے اراکین سے حلف لینے کے بعد ان سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر نے کہا کہ چترال میں جلد انڈسٹری لائیزیشن کی شروعات ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل سے چترال کے عوام کو ریلیف ملااور علاقے کا ملک کے باقی حصوں سے رابطہ قائم ہوا ۔چترال یونیورسٹی پر کام زور وشورسے جاری ہے یونیورسٹی ماڈل ایکٹ کو فاٹا اور پاٹا تک توسیع دیں گے جبکہ چترال یونیورسٹی کے وائس چانسلرکا جلد اعلان کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں چترال کا اہم کردار ہو گا ،چترال میں سیاحوں کیلئے مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے ۔جبکہ لوئر دیر سے چترال تک موٹروے کے ذریعے چترال کو دیگر علاقوں سے منسلک کیا جائے گا۔سپیکرنے کہا کہ وہ صوبائی بجٹ اجلاس کے بعد چترال کا دورہ کریں گے اور وہاں پر یونیورسٹی اور ہسپتالوں کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے دریائے کابل کانام دریائے چترال رکھنے کا عندیہ دیا اور قدرتی آفات کے نتیجے میں لوگوں کی تباہ ہونے والی اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے قانون سازی کرنے کی بھی یقین دھانی کروائی ۔سپیکرنے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں چترال کی عوام کی مشکلات حل کرنے اور انہیں تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button