بیگم کلثوم نواز کی رحلت ، نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پیرول پر رہائی کے بعدسخت سکیورٹی حصار میں جاتی عمرہ منتقل، گھر کوسب جیل قرار دیدیا گیا

لاہور ( آوازچترال رپورٹ) حکومت نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کو پیرول پر رہا کردیا ہے جس کے بعد تینوں شخصیات کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لایا گیا اور ائر پورٹ سے سخت سکیورٹی حصارمیں نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ منتقل کردیاگیا ، جاتی عمرہ میں ان کے گھر کو سب جیل قرار دیدیا گیاہے ۔دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو 5روز کیلئے نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیر ول پر رہائی کیلئے درخواست دی تھی جس پر حکومت نے ان کو ابتدائی طور پر 12گھنٹے کیلئے رہا کردیاہے جس کے بعد پیر ول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی جائیگی۔شہبازشر یف پیرول پر رہائی کے بعد سخت سکیورٹی میں میاں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو لیکراسلام آباد ائر پورٹ پہنچے اور اسی خصوصی طیارے میں جس میں شہبازشریف اسلام آباد آئے تھے کے ذریعے نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو لاہور ائر پورٹ پہنچایاگیا ۔ لاہور ائر پورٹ سے ان کو سخت سکیورٹی کے حصار میں الگ الگ گاڑیوں میں جاتی عمرہ منتقل کردیا گیا ۔نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو لاہور میں صرف جاتی عمرہ تک محدود رکھا جائے گا اور جاتی عمرہ سے کسی اور جگہ نقل وحمل کی اجازت نہیں ہوگی ، تینو ں شخصیات صرف اپنے خاندان کے افراد سے ملاقات کر سکیں گی ۔ نواز شریف جاتی عمرہ میں قیام کے دوران اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ ، تدفین اور ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے عمل میں شرکت کریں گے ۔اس دوران اڈیالہ جیل کا عملہ نگرانی کے لئے تینو ں شخصیات کے ہمرا ہ رہے گا جبکہ جاتی عمرہ کی سکیورٹی میں سخت اضافہ کردیا گیاہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔