لاہور ہائیکورٹ سے وزیر اعظم کیخلاف تشویشناک خبر آ گئی، 69 ایم این ایز کو نوٹس
اسلام آباد( آوازچترال رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دینے سے متعلق درخواست پر ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے 69 اراکین قومی اسمبلی ا ور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔جسٹس شاہد وحید پر مشتمل سنگل بینچ نے وزیر اعظم عمران خان کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دینے کی جلد سماعت سے متعلق اور وزیر اعظم کے الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے 69 اراکین اسمبلی کو فریق بنانے کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں نے ووٹ نہیں دیے جبکہ قانون کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے پارلیمنٹ کے ہر رکن کا ووٹ ڈالنا ضروری ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی ایوان میں موجود رہیں لیکن انہوں نے انتخاب میں ووٹ نہیں ڈالا، لہٰذا دونوں سیاسی جماعتوں کے 69 ووٹوں کے بغیر وزیر اعظم کا انتخاب کرنا قانون کے منافی ہے۔عدالت میں درخواست گزار کی جانب سے یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ جب وزیر اعظم کا انتخاب درست نہیں ہوا تو حکومت تشکیل نہیں پاسکتی۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکستان میں بھی انتخابات کے دوران ہر بالغ شہری کا ووٹ ڈالنا لازمی قرار دیا جائے اور عدالت عمران خان کو وزیر اعظم منتخب کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دے۔عدالت نے کہا تھا کہ جن اراکین نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے ، ان کا مئوقف سننا لازمی ہے لہذا انہیں فریق بنایا جائے، درخواست گزار نے69 اراکین کو فریق بنانے کی درخواست دائر کی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے تمام اراکین اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔