شندور ٹرسٹ کی طرف سے اوسیک سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم
دروش(آوازچترال رپورٹ ) ضلع نائب ناظم چترال و جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالشکور نے گذشتہ روز سیلاب سے متاثرہ گاؤں اوسیک کا دورہ کیا اور شندور ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے سیلاب متاثرین میں امدادی پیکج تقسیم کئے ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ قاری جمال عبدالناصر، مولانا انعام الحق، مفتی فہیم رضا، مولانا بشیر اکبر و دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالشکور نے سیلاب کے نتیجے میں ہونیوالے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا متاثرین کے ساتھ ہر ممکن امداد کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اس موقع پر شندور ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے متاثرین میں فی گھرانہ پانچ آئٹم پر مشتمل امدادی پیکج تقسیم کی گئی جسمیں آٹا، چاول، گھی، چینی اور چائے کی پتی شامل تھے۔ متاثرین نے شندور ویلفیئر ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مواقع پر ٹرسٹ کی طرف سے لوگوں کے ساتھ امداد کی جاتی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔