بشریٰ عمران خان کے سابق شوہر خاور مانیکا نے بیٹی کی کلاس فیلو سے شادی رچا لی
اسلام آباد ( آوازچترال رپورٹ )عمران خان کی اہلیہ بشریٰ عمران خان کے سابق خاوند اور ”راہ سلوک“ کے مسافر خاور مانیکا نے دوسری بار اپنا گھر بساتے ہوئے نکاح کرلیا ہے جس پر سوشل میڈیا میں مانیکا خاندان کے بارے میں دلچسپ تبصرے کئے جا رہے ہیں۔خاور مانیکا کے نکاح کی تقریب انتہائی سادگی سے لاہور میں سرانجام پائی جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ نکاح کی تقریب میں شریک خاور مانیکا کے دوست لطیف خان نے نکاح کی تصدیق کر دی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق خاوند خاور مانیکا نے دوبارہ گھر بسا لیا۔ خاور مانیکا کےسمیرا آغا سے نکاح کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں خاور مانیکا کے بچوں اور انتہائی قریبی لوگوں نے شرکت کی۔ خاور مانیکا کانکاح حافظ محمد حسین نے پڑھایا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے عمران خان سے نکاح کی خبروں پر جب نجی ٹی وی کے ایک رپورٹر کی جانب سے خاور مانیکا سے استفسار کیا گیا تھا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو طلاق کیوں دی؟ تو انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ سلوک کی راہ پر چلتے ہوئے اب اس منزل پر پہنچ چکے ہیں کہ ان کو بیوی کی ضرورت نہیں رہی اور اب اس موقف کے برعکس انہوں نے نکاح کرکے اپنے موقف کی خود ہی تردید کردی ہے۔خاور مانیکا کے دوبارہ نکاح پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کئے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین کہہ رہے ہیں کہ پاکپتن کے مانیکا خاندان نے بڑھاپے میں شادی کرنے کے منفرد جواز اپنا کر ’منفرد شہرت‘ حاصل کی ہے۔