تازہ ترین

ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کر لی

اسلام آباد( آوازچترال رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئے این اے 53 اسلام آباد سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنا ووٹ کاسٹ کرنے این اے 53 اسلام آباد کے پولنگ اسٹیشن پر گئے جہاں انہوں نے پولنگ بوتھ کے پیچھے جاکر مہر لگانے کی بجائے میڈیا کے سامنے ہی بیلٹ پیپر پر مہر لگائی جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں4 رکنی بینچ عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازدری ظاہر کرنے پر ازخود نوٹس کی سماعت کی،جس دوران پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے حلف نامہ جمع کروایا۔عمران خان نے جواب میں موقف اپنایاکہ ووٹ کی رازداری جان بوجھ کر افشا نہیں کی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا جو کہ اب سنا دیا گیاہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز  الیکشن کمیشن نے عمران خان سے دستخط شدہ معافی نامہ اور بیان حلفی طلب کرتے ہوئے بابر اعوان کا تحریری جواب مسترد کر دیا تھا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button