پیر کے روز چترال کے سب سے قدیم اور مصروف ترین بازار میں بجلی کے ٹرانسفارمر میں معمولی خرابی کی وجہ سے سارا دن بجلی بند رہا
چترال(نمائندہ آوازچترال) پیر کے روز چترال کے سب سے قدیم اور مصروف ترین بازار میں بجلی کے ٹرانسفارمر میں معمولی خرابی کی وجہ سے سارا دن بجلی بند رہا جس سے دکانداروں اور سودے کے لئے آنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا اور دکاندار پیسکو کے اہلکاروں کی منتیں کرتے کرتے تھک گئے جبکہ ایریئے کے لائن سپرنٹنڈنٹ نے صاف صاف بتادیاکہ لائن مین ان کی بات ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ چترال میں گرمی معمول سے بڑھ کر 42ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی اور بجلی کی بندش کے نتیجے میں پنکھا نہ ہونے پر سردآب وہوا کے عادی لوگوں میں سراسیمگی پھیل گئی اور کئی ایک نے دوپہر کے و قت دکانیں بند کرکے گھروں کی راہ لینے پرمجبور ہوگئے ۔ عموماً پیر کے روز ضلعے کے دور دراز علاقوں سے چترال شہر آنے والوں کی ایک بڑی تعداد اپنے کاموں کے سلسلے میں شاہی بازار کا رخ کرتی ہے جس کے قرب وجوار میں کئی سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر بھی واقع ہیں او ر بجلی کی بندش سے ان دفاتر میں بھی کام کرنے والوں کو پریشانی کے عالم میں دفاتر کے باہردرختوں کے سائے میں پناہ لیتے ہوئے پائے گئے۔ شاہی بازار کے متعدد دکانداروں نے بتایاکہ انہوں نے صرف ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پرواقع پیسکو کے دفتر میں شکایت درج کرتے رہے لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو ا۔ ان کا کہنا تھا کہ نماز عصر سے کچھ پہلے جب لائن سپرنٹنڈنٹ جنید خان اپنی بے بسی کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ لائن مین ان کی بات ماننے سے انکاری ہیں ۔ کمرشل ریٹ پر پیسکو کے صارف شاہی بازار کے سینکڑوں دکانداروں اور دن بھر ان کے دکانوں، ہوٹلوں اور ریسٹورانوں میں آنے والے پیسکو کے مقامی حکام کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں سخت مشکلات سے دوچار ہوئے جن میں دور دراز سے آنے والے کئی ایسے ہوں گے جوکہ بجلی نہ ہونے کی بناپر انہیں رات کو بھی رکنا پڑا ۔انہوں نے وزیر اعظم ، وفاقی وزیر آب وبرقیات سے اپیل کی ہے کہ پیسکو کی اس مجرمانہ غفلت کی تحقیقات کرکے پیسکو کے لا ئن مین سے لے کرلائن سپرنٹنڈنٹ تک افسران کے خلاف کاروائی کی جائے جوکہ چترال میں بجلی کے صارفین کے ساتھ مذاق سے باز نہیں آتے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے بھی آز خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ درین اثناء گولدور چوک کے قریب شاہی بازار کے ٹرانسفارمر کی درستگی منگل کے دن تک موخر کردی گئی ہے۔